مذموم عناصر کی ریٹرننگ افسروں پر تنقید بلاجواز ہے:لاہور ہائیکورٹ

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 26 مئ 2013
 تنقید کرنے والے مناسب فورم سے رجوع اور ضلعی عدلیہ کی خدمات کی قدر کریں. فوٹو: فائل

تنقید کرنے والے مناسب فورم سے رجوع اور ضلعی عدلیہ کی خدمات کی قدر کریں. فوٹو: فائل

لاہور:   چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عمرعطا بندیال نے کہاہے کہ صوبہ بھر میں ریٹرننگ افسروں نے محنت‘ لگن اور ذمہ داری سے کام کیا۔

عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے مذموم عزائم کے حامل بعض عناصر کی طرف سے تنقیدبلاجواز ہے۔ کالاشاہ کاکو انٹرچینج کے قریب پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جج گوشہ نشین لوگ ہوتے ہیں اور ان لوگوں کی تنقید کا جواب نہیں دے سکتے۔ تنقید کرنے والے شکایات کے ا زالے کیلیے مناسب فورم پر تحریری درخواستیں دیں اور ضلعی عدلیہ کی طرف سے الیکشن کے انعقاد کی خدمات کی قدر کریں۔ صوبائی عدلیہ کا سربراہ ہونے کی حیثیت سے الیکشن کرانے کیلئے بہترین افراد کو لگایا گیا اور میں اسکی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔

ادارے اینٹوں اور گارے سے نہیں بنتے بلکہ اچھی شہرت اور ساکھ کے حامل افراد ریاستی اداروں کو مضبوط بناتے ہیں۔ ہمارا کام لوگوں کی خدمت کرنا ہے۔ قوم نے عدلیہ کے ادارے پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ہر سال تقریباً 20لاکھ مقدمات ضلعی عدلیہ میں دائر ہوتے ہیں اور اتنی ہی تعداد میں مقدمات کے فیصلے کر دیے جاتے ہیں۔2008ء تک دائر ہونے والے پرانے مقدمات نمٹا دیے۔ پنجاب کے31اضلاع میں اس قسم کا کوئی پرانا مقدمہ زیرالتوا نہیں جو خوش آئند امر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔