ایم9موٹروے پروجیکٹ کی پی سی ون مکمل کرلی،نگراں وزیراعلیٰ

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 26 مئ 2013
 300ایکڑصنعتی اراضی کامسئلہ بھی حل کیاجائیگا، حیدرآبادایوان صنعت وتجارت میں خطاب. فوٹو: فائل

300ایکڑصنعتی اراضی کامسئلہ بھی حل کیاجائیگا، حیدرآبادایوان صنعت وتجارت میں خطاب. فوٹو: فائل

حیدر آباد:  نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ زاہد قربان علوی نے اعلان کیاہے کہ سندھ کے عام لوگ خصوصاًتاجروں کوبہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلیے حیدرآبادسے کراچی سپرہائی وے کے ایم9موٹروے پروجیکٹ پرعملدرآمدنئی حکومت کی آمد کے فوری بعدشروع کیاجائے گا،اس سلسلے میں ایم9پروجیکٹ کے پی سی ون پہلے ہی مکمل کرلی گئی ہے۔

سرکٹ ہائوس حیدرآباد میں اپنے اعزاز میں حیدرآباد ایوان تجارت وصنعت کی جانب سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے حیدرآبادکے تاجروں کو یقین دلایاکہ حیدرآبادسائٹ فیزIIکیلیے3سو ایکٹر زمین کے الاٹمنٹ اورحوالگی کے سلسلے میں مسائل کوحل کیاجائیگا، حیدر آباد میں ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے تعاون سے بننے والے ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اینڈاسکل ڈیولپمنٹ سینٹرکی تعمیر کیلیے حکومت سندھ جانب سے12ایکٹرزمین فوری طورپر فراہم کی جائے گی تاکہ یہاں کے نوجوانوں کوفنی مہارت مہیاکرکے بے روزگاری کوکم کیاجاسکے۔

انھوں نے صنعتکاروں کودرپیش مسائل کوفوری طورپرحل کرنے کیلیے کہاکہ یہ ہماری خواہش ہے کہ ہرسائٹ کیلیے ایک علیحدہ سائٹ مینجمنٹ تشکیل دی جائے تاکہ مسائل کوفوری حل کیا جاسکے۔ قبل ازیں حیدرآبادایوان صنعت وتجارت کے قائم مقام صدر تراب علی نے کہاکہ حیدر آبادکے تاجرکئی مسائل سے دوچار ہیں، جس میں حیدر آباد ایئرپورٹ پرپی آئی اے کی پروازوں کی بندش،سپرہائی وے کی خستہ حالی،حیدرآباد سائٹ فیز II پر اب تک عملدرآمدنہ ہونااورایشین ڈیولپمنٹ بینک کے تعاون سے بننے والے ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اینڈاسکل ڈیولپمنٹ بینک سینٹرکیلیے اب تک مطلوبہ زمین کی عدم دستیابی شامل ہیں، حیدرآباد کے تاجروں کے مسائل کوترجیحی بنیادپرحل جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔