تمام جماعتوں کے ساتھ بات چیت کے لئے دروازے کھلے ہیں، شرجیل میمن

ویب ڈیسک  اتوار 26 مئ 2013
 پی پی مخالف اتحاد بنائے جارہے ہیں لیکن سندھ میں کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے,شرجیل میمن  فوٹو: فائل

پی پی مخالف اتحاد بنائے جارہے ہیں لیکن سندھ میں کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے,شرجیل میمن فوٹو: فائل

کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں حکومت سازی کے لئے غورکیا جارہا ہے اس سلسلے میں تمام جماعتوں کے لئے ان کے دروازے کھلے ہیں۔ 

بلاول ہاؤس کراچی میں نو منتخب ارکان اسمبلی کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے کے موقع پر اویس مظفر کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا لیکن جمہوریت کے تسلسل کی خاطر نتائج کو تسلیم کیا، سندھ میں عوام نے ان کی جماعت کو مینڈیٹ دیا ہے جس کے تحت وہ حکومت بنانے کا حق رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں غور بھی ہورہا ہے۔ پی پی مخالف اتحاد بنائے جارہے ہیں لیکن سندھ میں کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ مانتے ہیں کہ پچھلے 5 برس کے دوران کراچی میں امن و امان کی صورت حال خراب ہوئی لیکن قتل و غارت صرف کراچی یا سندھ ہی نہیں بڑھی بلکہ پنجاب میں بھی جرائم کی وارداتوں میں ہولناک اضافہ ہوا۔ پیپلزپارٹی کی آئندہ حکومت یہ کوشش کرے گی کہ کراچی سمیت پورا صوبہ امن کا گہوارہ بنے اور اگر ہمارے خلاف کسی کو احتساب کرنا ہے تو وہ اپنا یہ شوق پورا کرلے۔

اس موقع پر اویس مظفر ٹپی نے کہا کہ جمہوریت کے 5 سال مکمل کرنے کی وجہ پیپلز پارٹی کی مفاہمتی پالیسی ہی تھی، پیپلز پارٹی اپنی مفاہمتی پالیسی کو جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے نام پر غور جاری ہے۔ 2 مئی کو سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوگا، جس کے ایک دو دن بعد نئے وزیراعلیٰ کا اعلان بھی کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔