ساف فٹبال؛ بلند عزائم لیے قومی ٹیم بنگلہ دیش پہنچ گئی

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 2 ستمبر 2018
ایونٹ میں بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے بے تاب ہیں، صدام حسین۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ایونٹ میں بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے بے تاب ہیں، صدام حسین۔ فوٹو: سوشل میڈیا

لاہور: قومی فٹبال ٹیم کے کپتان صدام حسین ساف کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے کیلیے پرعزم ہیں۔

ساف کپ میں شرکت کیلیے قومی اسکواڈ ہفتے کو بنگلہ دیش پہنچ گئی، برازیل سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کوچ جوز انتونیو ناگورا، ٹرینر جوز پورٹیلا و دیگر معاون اسٹاف کے ہمراہ لاہور سے اڑان بھرنے والے اسکواڈ کے کپتان صدام حسین نے روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند اور ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھانا کیلیے پر عزم ہیں، پاکستان فٹبال کی تاریخ میں پہلی بار پلیئرز کو بہترین غیر ملکی ٹرینرز کی رہنمائی میسر آئی ہے، تربیتی کیمپ میں مسلسل محنت کے نتیجے میں کھلاڑیوں کی جسمانی اور ذہنی استعداد میں نمایاں بہتری آچکی ہے، اسٹمینا بہتر ہوجانے کی وجہ سے پورے میچ میں یکساں معیار کا کھیل پیش کرنے کی صلاحیت حاصل کرچکے ہیں، ساف کپ میں نہ صرف اچھی کارکردگی پیش کرنے بلکہ ٹائٹل اپنے نام کرنے کیلیے پر عزم ہیں۔

پی ایف ایف کے مطابق صدام حسین سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم کے اسٹار کھلاڑی ہیں، ان کو رواں سیزن کیلیے کپتان مقرر کیا گیا ہے، اس فیصلے کا مقصد قومی ٹیم کی پالیسیوں میں تسلسل اور کپتان کو احساس تحفظ دیتے ہوئے اعتماد کی دولت سے مالا مال کرنا ہے۔

ہیڈ کوچ ناگورا نے کہا کہ صدام حسین اس وقت بہترین فارم میں ہیں، ان کی کھیل سے لگن، جذبے اور مہارت کو دیکھتے ہوئے کپتان بنایا گیا ہے، اسٹار پلیئر ٹیم کو کنٹرول کرنے اور میری رہنمائی کی روشنی میں بنائی جانے والی پلاننگ پر عمل درآمد کرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، صدام کی قیادت میں ٹیم سے بہتر نتائج کی امیدیں وابستہ ہیں۔

صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے کہا کہ برازیلی کوچز نے قومی فٹبالرز کی کارکردگی میں نکھار لانے کیلیے سخت محنت کی ہے، ایشین گیمز کے دوران ٹیم کی پرفارمنس میں مسلسل بہتری دیکھی گئی، نیپال کیخلاف فتح اس کا ایک ثبوت ہے، پوری امید ہے کہ قومی ٹیم بہتری کا یہ سفر جاری رکھتے ہوئے ساف کپ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔