لانڈھی تا لکی اسٹار بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کی تعمیر کیلیے رقم جاری

سید اشرف علی  پير 27 مئ 2013
بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم سڑک کے سیدھے ہاتھ کی لین میں قائم ہوگا،پبلک ٹرانسپورٹ،کاریں،موٹرسائیکلیں اور دیگر گاڑیاں اس کوریڈور پر نہیں چلیں گی۔ فوٹو: فائل

بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم سڑک کے سیدھے ہاتھ کی لین میں قائم ہوگا،پبلک ٹرانسپورٹ،کاریں،موٹرسائیکلیں اور دیگر گاڑیاں اس کوریڈور پر نہیں چلیں گی۔ فوٹو: فائل

کراچی: صوبائی حکومت نے بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کوریڈور لانڈھی تا لکی اسٹار کے منصوبے کی تیاری کیلیے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو3 کروڑ 50 لاکھ روپے فراہم کردیے ہیں۔

مشاورتی فرم13ماہ  میں منصوبے کی تکنیکی، مالی اور قانونی امور پر مبنی رپورٹ تیار کرلے گی تاکہ سرکاری ونجی اشتراک سے منصوبہ مکمل کیا جاسکے،اس منصوبے کے ذریعے کراچی کے شہریوں کو لاہور کی طرز پر تیزرو، آرام دہ اور سستی سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی، تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کے ماس ٹرانزٹ سیل نے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے تعاون سے بی آر ٹی ایس کے 6 کوریڈور کی تجاویز جمع کرائی ہیں، جائیکا نے بی آرٹی ایس کے پائیلٹ پروجیکٹ لانڈھی تا صدر لکی اسٹار براستہ کورنگی روڈ کی فوری تعمیر پر زور دیا ہے،صوبائی حکومت کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی اس منصوبے کو پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کریگی۔

منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری کیلیے مشاورتی فرم نیسپاک، کے پی ایم جی اور محسن سید کا کنسورشیم قائم کردیا گیا ہے جو 13ماہ میں تیکنیکی، مالی اور قانونی حتمی منصوبہ تیار کرے گی جس میں نجی وسرکاری کردار کا تعین ہوگا، آپریشنل اخراجات کی تفصیلات طے کی جائیں گے تاکہ منصوبہ طویل مدتی بنیادوں پر چلایا جاسکے اور مسافروں پر کم سے کم کرایہ کا بوجھ ہو، صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ، ٹریفک پولیس ، ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیش، محکمہ ماحولیات اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے منصوبے کی منظوری حاصل کرکے  پروجیکٹ کو حمتی شکل دی جائیگی، متعلقہ افسران نے بتایا کہ منصوبہ بندی کے تحت لانڈھی(داؤد چورنگی ) سے ایف ٹی سی پل تک بی آرٹی ایس سروس یکساں رہے گی تاہم ایف ٹی سی پل سے دو برانچیں ہوجائیں گی۔

ایک برانچ پر بس سروس لکی اسٹار تک جائے گی جبکہ دوسری برانچ پر ایف ٹی سی پل سے شاہراہ قائدین اور مزار قائد تک جائے گی، بس ریپیڈ ٹرانزٹ سسٹم سڑک کے سیدھے ہاتھ کی لین میں قائم کیا جائیگا جہاں تیز رفتار بسیں آپریٹ کی جائیں گی جبکہ موجوددہ پبلک ٹرانسپورٹ کاریں موٹرسائکلیں اور دیگر نجی وکمرشل گاڑیاں اس کوریڈور پر نہیں چلائی جاسکیں گی، ہنگامی حالت میں صرف ایمبولینس سروس کو اس روٹ پر چلنے کی خصوصی اجازت دی جائیگی، اس لین پر دیگر گاڑیوں کو روکنے کیلئے روڈ ڈرائیور تعمیر کیے جائیں گے، بس اسٹاپ درمیان کی گرین بیلٹ پر تعمیر کیے جائیں گے، بسوں کے دروازے سیدھے ہاتھ پر ہونگے جبکہ  مسافروں کی سہولت کیلئے پیڈسٹیرین برجز بھی تعمیر کیے جائیں تاکہ مسافر باآسانی بی آرٹی ایس کے مخصوص بس اسٹاپوں تک پہنچ سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔