مینڈیٹ چرایا گیاانتخابی نتائج کالعدم قرار دیے جائے ایاز پلیجو

ذمے دار الیکشن کمیشن ہے، عوامی تحریک کادھاندلیوں کیخلاف دھرنا، ٹریفک معطل


Numainda Express May 27, 2013
صوبائی اسمبلی حلقہ 47 میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف دیے جانے والے دھرنے کی قیادت عوامی تحریک کے صدر ایازلطیف پلیجو نے کی جبکہ دھرنے میں خواتین کارکنان نے بھی شرکت کی۔ فوٹو: ایکسپریس/ فائل

قومی عوامی تحریک کے کارکنوں نے مبینہ انتخابی دھاندلیوں کے خلاف نسیم نگر چوک پر دھرنا دیا اور الیکش کمیشن کے خلاف نعرے بھی لگائے جبکہ دھرنے کے باعث چوک اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی آمدروفت معطل ہوگئی۔

صوبائی اسمبلی حلقہ 47 میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف دیے جانے والے دھرنے کی قیادت عوامی تحریک کے صدر ایازلطیف پلیجو نے کی جبکہ دھرنے میں خواتین کارکنان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے سندھ بھر کے انتخابی نتائج کالعدم قرار دیکر صوبائی اسمبلی حلقہ 47 سمیت سندھ بھرمیں از سر نو الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان کے حلقے میں ان کے 10سے 12 ہزار ووٹ چرائے گئے اور انکی کامیابی کو ناکامی میں تبدیل کردیا گیا، انتخابی دھاندلیوں پر حیدرآباد کے ڈی آر او اور ریٹرنگ افسر کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کی عوام اور قوم پرستوں کا مینڈیٹ چرایا ہے جبکہ دھاندلی کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ہے، دوہزار کے عام انتخابات میں تو سندھ کی عوام نے بے نظیر بھٹوکی شہادت کے باعث پیپلزپارٹی کو ووٹ دیے لیکن کوئی یہ بھی تو بتائے کہ گزشتہ 5 برسوں کے دوران پیپلزپارٹی کی حکومت نے ایسا کونسا کام کیا ہے کہ سندھ کی عوام نے پیپلزپارٹی کو2008 کے عام انتخابات سے کئی گناہ زیادہ ووٹ دے دیے۔



انھوں نے کہا کہ سندھ کے الیکشن میں قوم پرستوں کا راستہ روک کر مشرقی پاکستان جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور سندھ کے قوم پرست نوجوان آج یہ سوال کررہے ہیں کہ اگرہم پارلیمنٹ کا راستہ اختیار نہ کریں تو پھر اپنے حقوق کے لیے کونسا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ قوم پرست الیکشن کے حوالے سے اپنی نااہلی اور کمزوری کا الزام عوام پر نہ ڈالیں، پیپلزپارٹی موجودہ صورتحال میں سینیٹ کی سیٹ، بلدیاتی نظام اور ٹھیکوں کی لالچ اور نوٹوں کی چمک دیکھاکر قوم پرستوں کوخریدنا اور انہیں الگ کرنا چاہتی ہے لیکن وہ قوم پرستوں سے کہتے ہیں کہ وہ بھی لالچ کا شکار ہوکر اپنی جدوجہد سے دستبردار نہ ہوں،کوئی بھی قوم پرست خریدوفروخت کی پالیسی کے آگے سر نہیں جھکائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں