قومی چیلنج کپ فٹبال ٹورنامنٹ نیشنل بینک نے جیت لیا

اسپورٹس رپورٹر  پير 27 مئ 2013
فائنل میں کے ای ایس سی ناکام، ایئرفورس نے تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا۔ فوٹو: فائل

فائنل میں کے ای ایس سی ناکام، ایئرفورس نے تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا۔ فوٹو: فائل

لاہور: قومی چیلنج کپ فٹبال ٹورنامنٹ نیشنل بینک نے جیت لیا، فائنل میں کے ای ایس سی کو ایک گول سے شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا۔

پاکستان ایئر فورس نے واپڈا کو 2 گول سے ہرا کر تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا۔  ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں نیشنل بینک اور کے ای سی سے کے مابین مقابلہ انتہائی دلچسپ رہا،  پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں تابڑ توڑ حملوں کے باوجود ایک دوسرے کے دفاع میں شگاف ڈالنے میںنا کام رہیں، دوسرے ہاف میں بھی گول پوسٹ پر حملے کی تمام کوششیں کارآمد ثابت نہ ہوسکیں، تاہم نیشنل بینک کے اسٹرائیکر محمد آصف  نے 37 ویں منٹ میں فیصلہ کن گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

یاد رہے کہ ہفتہ کی رات تاخیر سے کھیلے گئے تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان ایئر فورس نے واپڈا کو ہرادیا تھا، دونوں ٹیموں کے مابین  انتہائی سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا ، پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے فاورڈز نے گول کرنے کے متعدد مواقع ضائع کیے۔ دوسرے ہاف کا آغاز بھی سلو انداز میں ہوا مگر آخری 15 منٹ میں کھیل میں یکدم تیزی آ گئی، ایئرفورس کے مجاہد نے81 ویں منٹ انفرادی کوشش سے بال کو جال میں پھینک کر اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی، پانچ منٹ بعد ہی مجاہد نے ایک اور گول داغ کر حریف سائیڈ پر سکتہ طاری کردیا۔ میچ کے اختتام تک یہی اسکور برقرار رہا اور ایئرفورس کی ٹیم تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیابی رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔