مسلم لیگ (ن) نے گڈ گورننس اور اخراجات میں کمی کے لئے حکمت عملی بنالی

ویب ڈیسک  پير 27 مئ 2013
 3 فیصد شرح سود پر نوجوانوں کو 35 مختلف شعبوں میں کاروبارکرنے کےلیے ایک سے 3 لاکھ روپے تک کا قرض دیا جائے گا،مسلم لیگ (ن) فوٹو: فائل

3 فیصد شرح سود پر نوجوانوں کو 35 مختلف شعبوں میں کاروبارکرنے کےلیے ایک سے 3 لاکھ روپے تک کا قرض دیا جائے گا،مسلم لیگ (ن) فوٹو: فائل

لاہور: مسلم لیگ (ن) نے ملک میں گڈ گورننس، توانائی بحران کے خاتمے اور سرکاری اخراجات میں کمی کے لئے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے ملکی معاملات بہتر انداز میں چلانے اور سرکاری اخراجات کم کرکے ملکی خزانے کے بوجھ میں کمی کےلئے ورکنگ پیپر تیار کیا ہے، جس کے تحت ملک میں صدر مملکت کا عہدہ برائے نام جبکہ ایوان صدر کے عملے میں تخفیف کرکے 100 تک لائی جائےگی۔ سیکریٹری، سیکریٹری جنرل اور اسپیشل سیکریٹری کے عہدے ختم کرکے صرف ایک سیکریٹری مقرر کیا جائے گا۔ ایڈیشنل سیکریٹری کا عہدہ بھی ایک ہی رکھا جائے گا۔ وفاقی کابینہ کی تعداد 18 تک رکھی جائے گی اس سلسلے میں کئی وزارتوں کو ایک دوسرے میں ضم کردیا جائے گا، اس کے علاوہ وفاقی اور صوبائی سطح پر ضرورت سے زائد آسامیوں کو بتدریج ختم کردیا جائے گا۔ وفاقی سیکریٹریز، جوائنٹ سیکریٹریز اور ایڈیشنل سیکرٹریوں کی تعداد بھی کم کی جائے گی۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تیار کئے گئے ورکنگ پیپر کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے بجائے مہنگائی پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ عوام کی قوت خرید میں اضافہ ہوسکے۔ ملک میں بے روزگاری کے خاتمے کے لئے 3 فیصد شرح سود پر نوجوانوں کو 35 مختلف شعبوں میں کاروبارکرنے کےلیے ایک سے 3 لاکھ روپے تک کا قرض فراہم کیا جائے گا اس سلسلے میں ملک کے مختلف بینکوں سے معاملات بھی طے پا گئے ہیں۔

غریب اور کم آمدنی والے افراد کو ذاتی رہائش کی فراہمی کے لیے اپنا گھر اسکیم کو از سر نو شروع کیا جائے گا اور اس سلسلے میں آسان شرائط پرقرضے دیئے جائیں گے۔ لوڈ شیڈنگ میں کمی کے لئے مختلف قسم کے اقدامات کئے جائیں گے، توانائی کی پیداوار میں اضافے کے لئے نئے منصوبے بنائے جائیں گے اس کے علاوہ سعودی عرب سے بیل آؤٹ پیکیج کے تحت فرنس آئل اور پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔