آزادکشمیرمیں لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں کا احتجاج اور ہنگامہ آرائی، کئی افراد زخمی

ویب ڈیسک  پير 27 مئ 2013
میرپور اور کوٹلی سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف مکمل شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی ۔فوٹو: ایکسپریس نیوز

میرپور اور کوٹلی سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف مکمل شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی ۔فوٹو: ایکسپریس نیوز

مظفر آباد: آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں کے احتجاج اورہنگامہ آرائی کے دوران پولیس سے جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جب محکمہ برقیات نے میر پورشہر میں 4 گھنٹے کی اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے تاہم مظاہرین نے لوڈ شیڈنگ سے مکمل استثنیٰ تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق میرپور اور کوٹلی سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی،ہڑتال کے دوران تمام بازار اور مارکیٹیں بند رہیں جبکہ سیاسی، سماجی اور تاجر تنظیموں نے منگلا پاور ہاؤس کے گھیراؤ کی بھی کوشش کی، اس دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے،واقعے کےبعدآزاد کشمیر کے محکمہ برقیات نے میر پور میں یومیہ4 گھنٹے کی اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

دوسری جانب مظاہرین نے نوٹی فکیشن کو ماننے سے انکار کردیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ایسے نوٹی فکیشن ماضی میں بھی انہیں دکھائے گئے ہیں تاہم ان پرعمل در آمد نہیں کیا جا تا، لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے تک ان کا احتجاج جاری رہے گا ۔

واضح رہے کہ منگلا پاور ہاؤس میں پیدا ہونے والی بجلی پورے آزاد کشمیر کی کل طلب سے کہیں زیادہ ہے تاہم اس کے باوجود بھی وادی کے مختتلف شہروں میں 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ  معمول بن چکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔