وزارت خارجہ نے سیاسی اور سفارشی بنیادوں پر تعینات 15 سفیروں کو فارغ کردیا

ویب ڈیسک  پير 27 مئ 2013
6 اہم ممالک میں ریٹائرڈ فوجی افسران تعینات ہیں، سیکریٹری خارجہ کی بریفنگ فوٹو: فائل

6 اہم ممالک میں ریٹائرڈ فوجی افسران تعینات ہیں، سیکریٹری خارجہ کی بریفنگ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزارت خارجہ نے سابق حکومت کی جانب سے سیاسی اور سفارشی بنیادوں پر بیرون ملک تعینات کئے گئے 15 سفیروں  کو فارغ کرکے ان سے فوری طور پر استعفے طلب کرلئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے  بیرون ملک تعینات سفارتی عملے اور پالیسیوں سے متعلق سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ابتدائی بریفنگ لی ہے جس میں بتایا گیا کہ بیرون ممالک میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کئی ممالک میں ہائی کمشنرز اور سفارت کار سیاسی اور سفارشی بنیادوں پرطویل عرصہ سے تعینات ہیں، 6 اہم ممالک میں ریٹائرڈ فوجی افسران تعینات ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ملنے والی ہدایات کی روشنی میں وزارت خارجہ نے برطانیہ میں تعینات ہائی کمشنر واجد شمس الحسن، بھارت میں ہائی کمشنر سلمان بشیر، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب مسعود خان، متحدہ عرب امارات میں جمیل احمد خان اور عمان میں نواب زادہ امین اللہ سمیت 15 ممالک میں تعینات سفیروں کو فارغ کرکے ان سے فوری طور پر استعفے طلب کرلئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔