کم بیک کے لیے کوشاں عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرسکے

اسپورٹس رپورٹر  منگل 4 ستمبر 2018

سیاسی تھیٹر

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 لاہور: کم بیک کیلیے کوشاں عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرسکے تاہم وہ منگل کودوبارہ امتحان سے گزریں گے۔

ایشیا کپ کی تیاری کیلیے تربیتی کیمپ شروع ہونے سے قبل گزشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ لیے گئے، یویو ٹیسٹ کا کم از کم معیار 17.4 پوائنٹس رکھا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں میں فٹنس کی اوسط 18.9 فیصد رہی،منتخب 18 میں سے 16کرکٹرز ٹیسٹ کلیئر کرنے میں کامیاب رہے، عماد وسیم ناکام رہے، ان کا منگل کو دوبارہ ٹیسٹ لیا جائیگا، حفیظ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے شام کو صرف دوڑ میں شریک ہوئے،ان کا یویو ٹیسٹ بھی منگل کو لیے جانے کا امکان ہے۔

حسن علی نے 20 پوائنٹس حاصل کیے، جنید خان ٹیسٹ کے ٹاپ 3کرکٹرز میں شامل ہیں، کپتان سرفراز احمد نے18.2 پوائنٹس حاصل کیے جو ان کے کیریئر کا بہترین نتیجہ ہے، شعیب ملک کی فٹنس میں بہتری آئی اور انھوں نے 17.8 پوائنٹس حاصل کیے۔کرکٹرز کی باقاعدہ ٹریننگ کا سلسلہ منگل سے شروع ہوگا۔

قذافی اسٹیڈیم میں نیٹ پریکٹس صبح ساڑھے 9 سے 12بجے تک ہوگی،بعد ازاں دوسرے سیشن میں سہ پہر 3سے 4بجے تک صرف فیلڈنگ میں مہارت بہتر بنانے پرکام ہوگا،اگلے روز بھی اسی طرح صبح اور شام کے 2سیشنز ہونگے، دوپہر 12بجے فخرزمان پریس کانفرنس کریں گے۔

کیمپ 10 ستمبر تک جاری رہے گا جس کے بعد ٹیم یواے ای روانہ ہوجائے گی،سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے ساتھی اراکین کو گزشتہ روز ہی فیصل آباد بلا لیا تھا جہاں ایشیا کپ کیلیے حتمی اسکواڈ پر غور جاری رہا،منگل کو عماد وسیم کے ٹیسٹ کا نتیجہ دیکھنے کے بعد ان کی شمولیت کا فیصلہ ہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔