ضلع ٹھٹھہ، 530 ترقیاتی اسکیموں کیلیے 742 ملین روپے مختص

نامہ نگار  منگل 28 مئ 2013
 کام بر وقت مکمل کرنے اور معیار برقرار رکھنے کی ہدایت،شاہ نواز کی زیر صدارت اجلاس.   فوٹو فائل

کام بر وقت مکمل کرنے اور معیار برقرار رکھنے کی ہدایت،شاہ نواز کی زیر صدارت اجلاس. فوٹو فائل

سجاول:  ڈپٹی کمشنر آغا شاہ نواز بابر نے کہا ہے کہ ٹھٹھہ ضلع میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 530 جاری مختلف اسکیموں کے لیے 742 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

جن میں 180 ملین روپے 254 نئی اسکیموں پر خرچ کیے جائیں گے۔ دربار ہال مکلی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ کمشنری نظام کے تحت 20 ملین روپے تک کی اسکیموں کی منظوری ڈپٹی کمشنر اور 20 سے 40 ملین روپے تک کی اسکیموں کی منظوری کمشنر دیں گے جب کہ اس سے زیادہ رقم کی اسکیموں کی منظوری صوبائی حکومت دے گی۔ انہوں نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے انجینئرز کوہدایت کی کہ وہ 20 ملین روپے تک کی اسکیموں کی پی سی ون تیار کر کے ارسال کریں، جب کہ بلدیاتی نظام میں منظور کردہ اسکیموں کی بھی تفصیلات پیش کی جائیں۔

انہوں نے دو محکموں کا ایک ہی اسکیم پر کام کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری ضابطوں کی پاسداری کرتے ہوئے ایک ہی اسکیم پر دو محکموں کی جانب سے کام کرنے سے گریز کریں اور اسکیمیں مقررہ وقت میں مکمل کریں جبکہ صحیح مٹیریل استعمال نہ کرنے والے انجینئرز سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان کے خلاف سخت قدم اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے سرکاری عمارتوں کی تزئین و آرائش اور مرمت کے لیے فنڈز جاری کرنے سے متعلق کمشنر حیدرآباد کو خط لکھنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر سپرنٹنڈنگ انجینئر نظام الدین شیخ نے ڈپٹی کمشنر کو ترقیاتی اسکیموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹھہ نعیم سندھو، حبیب الرحمن شیخ،ریاض میمن، مزمل شاہ، ظہور احمد میمن، امتیاز منگی، سہیل میمن، آصف قریشی و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔