فکسنگ تنازع: سری نواسن کے جھوٹ کا پول کھل گیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 28 مئ 2013
وندو کی جانب سے ممبئی انڈینزکے ایک پلیئرکو پھنسانے کی کوشش کا انکشاف ۔ فوٹو: اے ایف پی

وندو کی جانب سے ممبئی انڈینزکے ایک پلیئرکو پھنسانے کی کوشش کا انکشاف ۔ فوٹو: اے ایف پی

چنئی:  بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر این سری نواسن کا داماد گروناتھ میاپن کے بارے میں جھوٹ کا پول کھل گیا۔

آئی پی ایل چیئرمین راجیو شکلا کی جانب سے بھیجی گئی ای میل اور وزیٹنگ کارڈ سے میاپن کے چنئی سپر کنگز کا مالک ہونے کی تصدیق ہوگئی، دوسری جانب پولیس نے میاپن کا ایک موبائل انہی کی کشتی سے برآمد کرلیا، دریں اثنا وندو دارا سنگھ کی جانب سے ممبئی انڈینز کے ایک سینئر کھلاڑی کو پھنسانے کی کوشش کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ ہفتے جب گروناتھ میاپن کا نام فکسنگ اسکینڈل میں سامنے آیا تو بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر این سری نواسن اور ان کی زیرملکیت انڈیا سیمنٹس دونوں کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ چنئی سپر کنگز کے مالک نہ ہی چیف بلکہ ٹیم مینجمنٹ کے اعزازی ممبر ہیں۔

سری نواسن نے یہ بھی کہا تھا کہ نوجوان اور کرکٹ کے شوقین ہونے کی وجہ سے میاپن ٹیم کے ہمراہ سفر کرتے ہیں، مگر اب آئی پی ایل کے چیئرمین راجیو شکلا کی جانب سے ٹیم مالکان کو بھیجی گئی ای میل سے تصدیق ہوگئی کہ میاپن ہی دراصل ٹیم مالک ہیں،اسی طرح پولیس نے ان کی رہائش گاہ سے چھاپے کے دوران جو وزیٹنگ کارڈز برآمد کیے ان پر بھی انھوں نے خود کو چنئی سپر کنگز کا مالک اور چیف ظاہر کیا ہے۔

دریں اثنا ممبئی پولیس نے میاپن کا ایک موبائل فون چنئی میں موجود ان کی کشتی سے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دریں اثناکرائم برانچ کے ایک آفیشل نے یہ بھی انکشاف کیاکہ گرفتار اداکار وندو دارا سنگھ نے کوشش کی تھی کہ میاپن اپنے اثررسوخ کو استعمال کرتے ہوئے ممبئی انڈینز کے ایک سینئر کھلاڑی کو پھنسائے، اسی کی مدد سے دیگر کھلاڑیوں کو فکسنگ میں الجھایا جا سکے گا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پہلے گروناتھ میاپن نے آئی پی ایل میچز پر جوا کھیلنا شروع کیا، ابتدائی 5 میچز میں تو انھیں فائدہ ہوا مگر پھر نقصان ہونے لگا،اس وقت تک انھیں جوئے کی لت پڑچکی تھی، جب ایک کروڑ روپے کا نقصان ہوا تو اس کی تلافی کیلیے ٹیم کی حکمت عملی ہی بکیز کو بیچ ڈالی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔