آئی پی ایل 2013: تمام میچزکی جانچ کرانے کا مطالبہ

اسپورٹس ڈیسک  منگل 28 مئ 2013
بورڈتحقیقاتی ایجنسیزکوہروینیوکی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی فراہم کرے،شیشانک۔ فوٹو: فائل

بورڈتحقیقاتی ایجنسیزکوہروینیوکی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی فراہم کرے،شیشانک۔ فوٹو: فائل

ممبئ:  بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر شیشانک منوہر نے تحقیقاتی ایجنسیز سے آئی پی ایل 2013 کے تمام میچزکی جانچ کرانے پر زور دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی کرکٹ کو شفاف رکھنے کیلیے اپنے اور آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹس پر مکمل انحصار نہیں کرے، انھیں غیر قانونی سرگرمیوں کا پتہ لگانے اور فون پر بات چیت کی سراغ رسانی وغیرہ کا اختیار نہیں ہوتا۔ ایک انٹرویو میں شیشانک منوہر نے کہا کہ بورڈ تحقیقاتی ایجنسیزکو میچز کے بارے میں معلومات اور ہر وینیو کی سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کرے،اس معاملے کے ساتھ آہنی ہاتھ سے نمٹنا چاہیے،آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ غیر قانونی سرگرمیوں کا پتہ لگانے کیلیے کوئی مشینری یا قانونی اختیار نہیں رکھتا، اس کی زیادہ افادیت نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں نے 19 مئی کو چند بی سی سی آئی آفیشلز سے بات چیت کر کے بتایا کہ اگر وہ معاملات صاف رکھنا چاہتے ہیں تو مکمل طور پر کارروائی کرنا ہوگی۔ شیشانک منوہر نے کہاکہ اب بھارت میں انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے بھی اہم اقدامات اٹھانا ہوں گے، بورڈ کو وفاقی وزیر داخلہ سے اپنے کسی بھی ایونٹ بشمول بین الاقوامی میچز میں مجرمانہ کارروائیوں کیخلاف سرکاری حمایت کی درخواست کرنی چاہیے۔

انھیں ایونٹ سے ایک ماہ قبل تمام ریاستوں میں ایک مشاورتی ٹیم بھیجنی چاہیے تاکہ کسی بھی میچ فکسنگ، بیٹنگ یا اسپاٹ فکسنگ کو ابتدا ہی میں روکنے کیلیے فوری کارروائی کی جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ بی سی سی آئی تمام پلیئرز کو اپنے موبائل فون نمبرز بورڈ کے پاس رجسٹر کرانے کا کہے تاکہ تحقیقاتی ایجنسیز زیادہ بہتر طریقے سے فرائض انجام دے سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔