کراچی:وکیل اپنے 2 بچوں سمیت قتل، ٹارگٹ کلنگ کا شکار افراد کی تعداد 6 ہوگئی

ویب ڈیسک  منگل 28 مئ 2013
ملزمان نے کوثر عباس اور ان کے بچوں پر نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کی ہے،ایس پی لیاری ، فوٹو: ایکسپریس نیوز

ملزمان نے کوثر عباس اور ان کے بچوں پر نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کی ہے،ایس پی لیاری ، فوٹو: ایکسپریس نیوز

کراچی: نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سندھ ہائی کورٹ کے وکیل کو ان کے 2 بچوں سمیت قتل کردیا جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں آج ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی۔

ایس پی لیاری انجم ترین کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے وکیل کوثر ثقلین اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے جارہے تھے کہ ماڑی پور روڈ پر آئی سی آئی پل کے قریب پہلے سے ہی گھات لگائے ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ان کے دو بچے 14 سالہ محمد عباس اور 12 سالہ اویس عباس موقع پر ہی جاں بحق جبکہ کوثر ثقلین ایڈووکیٹ شدید زخمی ہوگئے انہیں اور ان کے بچوں کی لاشوں کو فوری طور پر سول اسپتال لایا گیا لیکن کوثر ثقلین جاں بر نہ ہوسکے۔ ایس پی لیاری کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے کوثر عباس اور ان کے بچوں پر نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کی ہے۔ ان کا قتل فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ نظر آتا ہے کیونکہ ملزمان پہلے ہی سے گھات لگائے بیٹھے تھے۔دوسری جانب چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے آج ہی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

ٹارگٹ کلنگ کی اس واردات کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں مزید 3 افراد کو موت کی نیند سلادیا گیا ہے۔ ماڑی پور روڈ پر فٹ بال گراؤنڈ اور آئی سی آئی پل کے قریب سے ایک خاتون سمیت دو افراد کی لاشیں ملیں ہیں جنہیں فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔ دونوں لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسٹیل ٹاؤن کے قریب چھریوں کے وار کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔