یورپی یونین نے شامی باغیوں پر ہتھیاروں کی خریداری پرعائد پابندی ختم کردی

ویب ڈیسک  منگل 28 مئ 2013
یورپی یونین کا فیصلہ خوش آئند ہے تاہم باغیوں پر دیگر پابندیاں برقرارر ہیں گی، برطانوی وزیرخارجہ فوٹو:فائل

یورپی یونین کا فیصلہ خوش آئند ہے تاہم باغیوں پر دیگر پابندیاں برقرارر ہیں گی، برطانوی وزیرخارجہ فوٹو:فائل

برسلز: یورپی یونین نے شامی باغیوں پر ہتھیار کی خریداری پر عائد پابندی ختم جبکہ شامی حکومت پرعائد پابندیاں مزید سخت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کیتھرین ایشٹن نے پریس بریفنگ میں کہا کہ شامی حکومت کے خلاف بر سر پیکار تنظیموں کے لئے اسلحے کی خریداری پر سے پابندی کو اٹھایا گیا ہے لیکن پابندی پر خاتمے کے باوجود رکن ممالک انہیں ممنوعہ ساز و سامان فراہم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی خارجہ امور کی کونسل یکم اگست تک شام میں تنازع ختم کرنے میں ہونے والی نئی پیش رفت کی روشنی میں اس صورت حال پر غور کرے گی، جس میں روس کی امن کے لیے پیش قدمی شامل ہے۔

دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے سماجی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ باغیوں پر بقیہ تمام پابندیاں اب بھی برقرار رہیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔