افغانستان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ آوروں کی فائرنگ، 7 اہلکارہلاک

اے ایف پی  منگل 28 مئ 2013
 دونوں حملہ آورمحکمہ پولیس میں نوکری کیا کرتے تھے اور انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر نوکری چھوڑ دی تھی ،ترجمان قندھار پولیس فوٹو: فائل

دونوں حملہ آورمحکمہ پولیس میں نوکری کیا کرتے تھے اور انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر نوکری چھوڑ دی تھی ،ترجمان قندھار پولیس فوٹو: فائل

قندھار: جنوبی افغانستان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں 7 اہلکار ہلاک اورایک زخمی ہوگیا جب کہ حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق صوبہ قندھار میں 2 افراد  نے پولیس اہلکاروں سے رات چیک پوائنٹ میں گزارنے کی گزارش کی جسے پولیس اہلکاروں نے قبول کرتے ہوئے انہیں سونے کی جگہ فراہم کردی، اس دوران پولیس اہلکاروں نے انہیں رات کا کھانا بھی پیش کیا جس کے کھانے کے بعد انہوں نے پولیس اہلکاروں کی بندوقیں اٹھا کر ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا، دونوں حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ترجمان قندھار پولیس کے مطابق دونوں حملہ آورمحکمہ پولیس میں نوکری کرتے تھے اور انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر نوکری چھوڑ دی تھی اور رات کو چیک پوسٹ پر انہوں نے پولیس اہلکاروں سے دوبارہ  محکمہ پولیس  میں نوکری کی خواہش ظاہر کی تھی، ترجمان کا کہنا تھا کہ حملہ آور چیک پوسٹ کے قریب کھڑی پولیس جیپ میں فرارہوئے اور سرکاری اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

واضح رہے کہ پیر کی شب بھی شمالی صوبہ بدخشاں میں حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں 5 افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک جب کہ صوبہ قندھار میں دھماکے میں 2 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔