چیمپئنز ٹرافی میں جیت کے لئے 100 فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی، مصباح الحق

ویب ڈیسک  منگل 28 مئ 2013
برطانیہ میں پاکستانی اور بھارتی شائقین کی وجہ سے بھارت کے خلاف میچ مزید اہمیت اختیار کر جائے گا، کپتان مصباح الحق فوٹو: فائل

برطانیہ میں پاکستانی اور بھارتی شائقین کی وجہ سے بھارت کے خلاف میچ مزید اہمیت اختیار کر جائے گا، کپتان مصباح الحق فوٹو: فائل

برمنگھم: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی 8 ٹیموں میں سے کسی کی جیت کے بارے میں حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا اورسیریز کے دوران صرف بھارت سے نہیں بلکہ ابتدائی دونوں میچز بھی اہمیت کے حامل ہیں۔

پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ پہنچنے کے بعد پہلی بار برمنگھم میں بھرپور پریکٹس کی جس سے قبل کپتان مصباح الحق نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسکاٹ لینڈ اور آئر لینڈ کے خلاف کھیلنے کی وجہ سے مقامی موسم  سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نےکہا کہ ایونٹ میں تمام ٹیمیں ہم پلہ ہیں اور جیت کے لئے 100 فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی اورصرف بھارت کے خلاف ہی نہیں ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف میچز بھی بہت اہمیت کے حامل ہیں، برطانیہ میں پاکستانی اور بھارتی شائقین کی وجہ سے بھارت کے خلاف میچ مزید اہمیت اختیار کر جائے گا۔

مصباح الحق  کا کہنا تھا کہ سعید اجمل دنیا کا بہترین اسپنر ہے، وہ ٹیم کے لئے 100 فیصد صلاحیتوں کا استعمال کرتا ہے، اس سوال پر کہ وہ 39 برس کے ہو چکے ہیں مزید کب تک کھیلتے رہیں گے، مصباح الحق نے کہا کہ اس کا انحصار فٹنس پر ہوتا ہے، یہ کوئی کھلاڑی نہیں بتا سکتا کہ وہ کتنے عرصے تک کھیل سکے گا، ان کا کہنا تھا کہ وہ بھرپور پریکٹس کر کے اپنی سالگرہ منا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔