احسان مانی کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری پروگرامز پر بریفنگ

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 7 ستمبر 2018
آفیشلز نے اکیڈمی میں اب تک مکمل کی جانے والے پروگرامز اور ان کے نتائج کے بارے میں بتایا۔فوٹو: فائل

آفیشلز نے اکیڈمی میں اب تک مکمل کی جانے والے پروگرامز اور ان کے نتائج کے بارے میں بتایا۔فوٹو: فائل

 لاہور:  نومنتخب چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے گزشتہ روز  نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری پروگرامز پر بریفنگ لی۔

احسان مانی نے اکیڈمی کا دورہ کرتے ہوئے وہاں سہولیات اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا،اس موقع پرگورننگ بورڈ میں شامل وزیر اعظم اور چیف پیٹرن عمران خان کے نامزد کردہ دوسرے حکومتی رکن ملک اسد علی خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد بھی ہمراہ تھے،این سی اے میں کرکٹ اکیڈمیز کے ڈائریکٹر مدثر نذر اور سینئر جنرل منیجر علی ضیاء نے پریزینٹیشن میں چیئرمین کو سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

سینئر جنرل منیجر آپریشنز مشتاق احمد نے بھی بریفننگ دی،آفیشلز نے اکیڈمی میں اب تک مکمل کی جانے والے پروگرامز اور ان کے نتائج کے بارے میں بتایا،مستقبل کے پلان اور سرگرمیوں کی تفصیلات بھی بتائی گئیں۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین نے اکیڈمی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نئے ٹیلنٹ کو نکھارنے کیلیے وضع کیے جانے والے پروگرامز پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اکیڈمیز کو زیادہ فعال بنانے کیلیے مزید کام کیا جائے گا، کرکٹرز کی فٹنس اور مہارت بہتر بنانے کیلیے نہ صرف نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی ضروریات پوری کی جائیں گی بلکہ دیگر شہروں میں اکیڈمیز بنانے کیلیے بھی کوشش ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔