حالات پر قابو نہیں پایا گیا تو کراچی میں بھی بلوچستان جیسی صورتحال کا خدشہ ہے، الطاف حسین

ویب ڈیسک  منگل 28 مئ 2013
منتخب نمائندوں کا عوام اور کارکنوں کے ساتھ رویہ اچھا نہیں ہوا تو ان سے استعفیٰ لے کر حلقے میں ضمنی انتخابات کروائے جائیں گے، الطاف حسین   فوٹو: فائل

منتخب نمائندوں کا عوام اور کارکنوں کے ساتھ رویہ اچھا نہیں ہوا تو ان سے استعفیٰ لے کر حلقے میں ضمنی انتخابات کروائے جائیں گے، الطاف حسین فوٹو: فائل

کراچی: ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ نئی حکومت ماورائے عدالت قتل روکے ورنہ کہیں کراچی میں بھی بلوچستان جیسی صورتحال پیدا نہ ہوجائے۔

رابطہ کمیٹی، کراچی تنظیمی کمیٹی، نومنتخب اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کےاجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ نومنتخب اراکین اسمبلی عوام کی بلاامتیاز خدمت کریں تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو، حق پرست عوامی نمائندے وڈیرانہ رویہ اختیار نہ کریں اور پان، گٹکے اور مین پوری کا استعمال کرنے والے اس کا استعمال فوری بند کردیں۔ انہوں نے کہا منتخب نمائندوں کا عوام اور کارکنوں کے ساتھ رویہ اچھا نہیں ہوا تو ان سے استعفیٰ لے کر حلقے میں ضمنی انتخابات کروائے جائیں گے۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ سندھ میں نئی جامعات، کالجز اور اسکولوں کے قیام کی کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شادی بیاہ پر فضول اخراجات نہ کریں اور بارات ولیمہ میں درجنوں ڈشیں رکھنے کے بجائے ایک ڈش کے رواج کو فروغ دیں۔

اس سے قبل ایم کیوایم کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں حکومت سندھ میں شامل ہونے یا نہ ہونے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ اس سلسلے میں آج پھر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگا جس میں حکومت یا اپوزیشن میں جانے کے حوالے سے فیصلہ متوقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔