واٹربورڈ کی غیرقانونی کنکشنوں کیخلاف کارروائی جاری

اسٹاف رپورٹر  بدھ 29 مئ 2013
کٹو گوٹھ اور اتحاد ٹاؤن میں قائم6غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے کنکشن منقطع۔ فوٹو: فائل

کٹو گوٹھ اور اتحاد ٹاؤن میں قائم6غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے کنکشن منقطع۔ فوٹو: فائل

کراچی:  منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹرا ینڈ سیوریج بورڈ مصبا ح الدین فرید کی ہدایت پر واٹر بورڈ کے عملے نے33انچ کی مین ٹرنک لائن سے بلدیہ ٹاؤن میں کٹو گوٹھ اور اتحاد ٹاؤن کے مقام پر قائم6غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خاتمے کیلیے انتظامیہ اور پو لیس کی مدد سے ہنگامی کارروائی کی۔

کئی گھنٹے آپریشن کے بعدبلدیہ ٹاؤن میں کٹو گوٹھ اور اتحاد ٹاؤن میں قائم6غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے کنکشن منقطع ومسمار کر دیے گئے، پمپنگ مشینری،موٹریں، پائپ اور دیگر سامان ضبط کر لیا گیا، دریں اثنا نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی کامران اختر اور ایم ڈی واٹر بورڈ بھی وہاں پہنچ گئے۔

اس موقع پرنومنتخب رکن صوبائی اسمبلی کامران اختر نے کہاکہ ان غیر قانونی ہائیڈرنٹس کی وجہ سے یہ علاقے پانی کی قلت کا شکارہیں لہٰذا ان تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو ختم کرنے تک آپریشن کیا جائے ،انھوں نے موقع پر موجود ایس ایچ او اورڈی ایس پی کو واضح طور پر کہا کہ ہم بلدیہ ٹاؤن کا پانی جو عوام کے لیے ہے کسی بھی قیمت پر فروخت ہونے نہیں دیں گے لہٰذا پولیس افسران کی یہ ذمے داری ہے کہ وہ اب مسمار شدہ ہائیڈرنٹس کودوبارہ قائم نہ ہونے دیں، اس کی تمام تر ذمے داری ان پر عائد ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔