خوابوں کی تعبیر

فائزہ مشتاق عظیمی  اتوار 9 ستمبر 2018
آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

کتا حملہ کر دیتا ہے
راحیل عنصر، بہاولپور

خواب : میں نے دیکھا کہ ہم سب دوست اپنے ایک مشترکہ دوست کے فارم ہاؤس میں موجود ہیں اور وہاں رات گزارنے آئے ہیں۔ وہاں اس نے حفاظت کیلئے کتے پال رکھے ہیں جو رات کو کھول دیئے جاتے ہیں۔ میرے کچھ دوست شرارت میں انہیں چھیڑ رہے ہوتے ہیں تو وہ ہم پہ حملہ کرتے ہیں۔ میں بھی ایک طرف ہونے کی کوشش کرتا ہوں مگر وہ میری ٹانگ پر کاٹ دیتا ہے۔ میں خود کو اس سے الگ کرنے کی کوشش کرتا ہوں مگر لڑ کھڑا کر گر جاتا ہوں اور وہ غراتے ہوئے میری طرف لپکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی میری آنکھ کھل جاتی ہے، مگر میں اس کے بعد بھی کتنی دیر خوفزدہ رہا ۔

تعبیر:۔ اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ آپ کو اس سے کوئی نقصان بھی پہنچ جائے۔ کاروبار میں کوئی رکاوٹ بھی ہو سکتی ہے۔ آپ اپنا صدقہ روزانہ دیں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔ کثرت سے استغفار کیا کریں۔

مسجد میں نماز پڑھنا
مومن علی،جھنگ

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میرے گھر کچھ مہمان دوست آئے ہوئے ہیں۔ ہم کھانے کے بعد باتوں میں مشغول ہوتے ہیں کہ اذان ہونے لگ جاتی ہے۔ میں اپنے دوستوں سے معذرت کر کے مسجد چلا جاتا ہوں اور وہاں با جماعت نماز ادا کرتا ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ یہ خواب اچھا ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دین و دنیا میں بھلائی حاصل ہو گی اور نیک بخشی حاصل ہو گی۔ آپ کے رزق اور وسائل میں اضافہ ہو گا اور برکت ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا اللہ یا رحمٰن یا رحیم پڑھا کریں۔ اسی کو پانی پر دم کر کے بھی پی لیا کریں۔

مٹھائی کا ڈبہ
نادر رانا، شاہکوٹ

خوا ب : میں نے دیکھا کہ ہمارے گھر میں بہت رونق ہے۔ خوب سجا ہوا ہے اور خوب مہمان بھی موجود ہیں۔ کافی رونق اور چہل پہل ہے ۔ گھر کے پیچھے والے پلاٹ میں باورچی کھانے پکا رہے ہوتے ہیں۔ میری نظر اپنی پھو پھی پر پڑتی ہے جو کہ زرق برق لباس میں ملبوس ہوتی ہیں اور ان کے ہاتھ میں مٹھائی کا ڈبہ ہوتا ہے۔ میری پھوپھی کا انتقال ہو چکا ہے۔ یہ خواب دیکھ کر میں کافی پریشان ہوں ۔

تعبیر:۔ یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نے کرے کہ کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس سے بیماری بھی مراد ہو سکتی ہے جس کی وجہ سے پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ کاروبار میں بھی رکاوٹ یا بندش کا سامنا ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور روزانہ سورہ بقرہ کی تلاوت کیا کریں۔ جتنی بھی آسانی سے پڑھی جا سکے جب مکمل ہو جائے تو دوباہ شروع کر دیں ۔

سرراہ خوبصورت لڑکا ملنا
ن ف، فیصل آباد

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے گھر سے نکل کر اپنے چچا کے گھر جا رہا ہوتا ہوں کہ راستے میں ایک لڑکا جو اسی طرف جا رہا ہوتا ہے مجھے مل جاتا ہے اور میرے ساتھ باتیں کرنی شروع کردیتا ہے۔ میں بھی اس کے ساتھ باتیں کرتا ہوں پھر اسی اثناء میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ کوئی خوشخبری ملے گی۔ اللہ تعالیٰ آپ کی دلی مراد پوری کریں گے۔ اگر شادی نہیں ہوئی تو آپ کی جلد شادی ہو جائے گی۔ کاروبار میں اضافہ اور رزق میں برکت نصیب ہوگی۔ اللہ تعالیٰ عزت اور وقار میں اضافہ فرمائیں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد بھی کیا کریں۔ آپ کیلئے محفل مراقبہ میں دعا کروا دی جائے گی۔ اللہ کی راہ میں کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

جنگل میں لومڑی
تابش بصیر، چونیاں

خواب: میں نے دیکھا کہ ہمارے گاؤں کے ساتھ ایک چھوٹا سا جنگل ہے اور اس جنگل میں کافی تعداد میں جانور رہتے ہیں۔ ایک لومڑی وہاں میرے آگے آگے چلتی جاتی ہے۔ مگر بار بار مڑ کر میری طرف دیکھتی ہے۔ مجھے خوف سا آتا ہے کہ کہیں یہ مجھ پر حملہ نہ کردے۔ میں آہستہ ہو جاتا ہوں کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی قریبی رشتہ دار کی باتوں میں آ کر آپ اس کے مکرو فریب کا شکار ہو سکتے ہیں جس کی وجہ سے کاروبار میں نقصان کا اندیشہ ہے۔ کوئی رقم ڈوب جانے کا بھی خدشہ ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے استغفار کیا کریں۔ آپ کیلئے محفل مراقبہ میں دعا کروا دی جائے گی۔

درود شریف پڑھنا
راحت ، بہاولنگر

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی دوست کے گھر گئی ہوئی ہوں۔ وہاں سے ہمسائیوں کے گھر جانے کے لئے تیار ہوتے ہیں۔ میں بھی ان کے ساتھ ان کے ہمسائیوں کے گھر میلاد کی دعوت کرنے چلے جاتی ہوں ۔ وہاں سب درود شریف پڑھ رہے ہوتے ہیں۔ ہم بھی خاموشی سے بیٹھ جاتے ہیں اور ہلکی آواز میں خود بھی درود شریف پڑھنا شروع کر دیتے ہیں ۔ پھر میں آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی دلی مراد پوری ہو گی۔ دین و دنیا دونوں میں بہتری ہو گی ۔ اللہ کی مہربانی سے روضہ رسولؐ کی زیارت نصیب ہو سکتی ہے۔ رزق اور وسائل میں بہتری ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حفیظ یا اللہ کا ورد بھی کریں ۔ رات کو بعد از عشاء 313 مرتبہ درود شریف پڑھ کر سویا کریں ۔

لوگوں سے جھگڑا کرنا
ندیم احمد، کامونکی

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر والوں کے ساتھ کہیں ہوٹل میں کھانا کھا رہا ہوتا ہوں اور کچھ آدمی اگلی میز پر بیٹھے کافی شور شرابا کر رہے ہوتے ہیں۔ میں ان کو روکنے کیلئے اٹھتا ہوں اور میں وہاں گالیاں دینا شروع کر دیتا ہوں ۔ اس پر کافی لوگ مجھے روکنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ اسی طرح اگلے دن میں نے دیکھا کہ میری مارکیٹ میں دوکاندار کے ساتھ منہ ماری ہو گئی اورمیں نے گالیاں دینا شروع کردیں۔ اس موقع پر بھی لوگوں نے آ کے مجھے روکا اور منع کیا۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی ۔ برائے کرم تعبیر بتا دیں۔

تعبیر:۔ یہ خواب اچھا نہیں اور کسی پریشانی و غم کو ظاہر کرتا ہے۔ اس سے بیماری بھی مراد لی جا سکتی ہے جس کی وجہ سے آپ کو یا گھر والوں کو کسی تکلیف غم، دکھ یا پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو بے وضو یا حفیظ یا عزیز کا ورد کیا کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔