کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا نائب سربراہ ولی الرحمان ڈرون حملے میں ہلاک

ویب ڈیسک  بدھ 29 مئ 2013
 ولی الرحمان کالعدم تحریک طالبان کے سباق سربراہ بیت اللہ محسود کا ترجمان رہ چکا ہے۔ فوٹو: فائل

ولی الرحمان کالعدم تحریک طالبان کے سباق سربراہ بیت اللہ محسود کا ترجمان رہ چکا ہے۔ فوٹو: فائل

میران شاہ: کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا نائب سربراہ ولی الرحمان گزشتہ رات شمالی وزیر ستان میں ہونے والے ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ڈرون طیارے نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب میران شاہ کے نواحی گاؤں چشمہ میں ایک گھرکو نشانہ بنایا اور دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں مکان مکمل طور پر تباہ جبکہ اس میں موجود 4 افراد جاں بحق اور4 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے نائب سربراہ ولی الرحمان بھی شامل تھا، تاہم کالعدم تحریک طالبان  پاکستان نے ولی الرحمان کی ہلاکت کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

واضح رہے کہ ولی الرحمان کالعدم تحریک طالبان کے سابق سربراہ بیت اللہ محسود کا ترجمان تھا تاہم 2009 میں وہ بھی ایک ڈرون حملے میں مارا گیا تھا جس کے بعد تنظیم کی قیادت حکیم اللہ محسود کے پاس چلی گئی تھی اور ولی الرحمان اس کے نائب کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے رہا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔