سندھ اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے نو منتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھالیا

ویب ڈیسک  بدھ 29 مئ 2013
نثارکھوڑو نے نو منتخب ارکان سندھ اسمبلی جب کہ کرامت اللہ چغرمٹی نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے نومنتخب ارکان سے حلف لیا، فوٹو: فائل

نثارکھوڑو نے نو منتخب ارکان سندھ اسمبلی جب کہ کرامت اللہ چغرمٹی نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے نومنتخب ارکان سے حلف لیا، فوٹو: فائل

کراچی / پشاور: سندھ اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے نو منتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھالیا، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل جبکہ صوبوں کے وزرائے اعلیٰ 31 مئی کو منتخب ہوں گے۔

اسپیکر نثار احمد کھوڑو کی سربراہی میں نو منتخب سندھ اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کے باقاعدہ آغاز سے قبل ہی ایوان میں آنے والے سیاسی کارکنوں کی جانب سے نعرے لگائے جاتے رہے اور ایوان مچھلی بازار بن گیا۔ جس پر نثار کھوڑو نے کہا کہ مہمانوں کی گیلری میں بیٹھے افراد کو نعرے لگانے کی اجازت نہیں۔ تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد اسپیکر نثار کھوڑو نے نو منتخب ایوان سے رسمی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسمبلی میں آنے والے تمام ارکان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ عوام کی جانب سے دیئے گئے مینڈیٹ اور ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، جس کے بعد انہوں نے ارکان سے اردو، سندھی اور انگریزی میں الگ الگ حلف لیا۔ ارکان اسمبلی  کی جانب سے اسمبلی رولل پر دستخط کے بعد اجلاس کل صبح 9 بجے تک کے لئے ملتوی کردیا گیا جس میں خفیہ رائے دہی کے ذریعے آئندہ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔

دوسری جانب نومنتخب خیبر پختونخوااسمبلی کا اجلاس اسپیکر کرامت اللہ چغرمٹی کی سربراہی میں 30 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد کرامت اللہ چغرمٹی نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا غیر ملکی طاقتوں کی مداخلت اور بد امنی کا شکار ہے، جمہوریت کی آبیاری میں ملک کی سیکیورٹی فورسز اور عوام نے بہت قربانیاں دیں لیکن گزشتہ حکومت کو اپنی سوچ میں کامیابی حاصل نہ ہوسکی اور کرپشن نے سب کچھ تباہ کردیا، جس کی سزا بڑی جماعتوں کو ملی۔ وہ اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ تبدیلی کانعرہ خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں رائج فرسودہ نظام کےخاتمے کاسبب بنے۔،اسپیکر کی جانب سے خطاب کے بعد انہوں نے ایوان کے نو منتخب 122 ارکان اسمبلی سے حلف لیا،اسمبلی کا اجلاس کل صبح 10 بجے پھر ہوگا جس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی کے اجلاس یکم جون کو طلب کئے گئے ہیں اور اسی روز قومی اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔