اینی میٹڈ فلم ’ریو‘ کا نیلا طوطا جنگلات سے معدوم ہوگیا

ویب ڈیسک  پير 10 ستمبر 2018
جرمنی کے ایک مرکز میں موجود اسپکس مکاؤ جو جنگلات سے ناپید ہوچکا ہے (فوٹو: سی این این)

جرمنی کے ایک مرکز میں موجود اسپکس مکاؤ جو جنگلات سے ناپید ہوچکا ہے (فوٹو: سی این این)

برازیل: شاید آپ کو یاد ہو کہ 2011 میں ڈزنی کی مشہور اینی میٹڈ فلم ’ریو‘ میں ایک خوبصورت نیلا طوطا دکھایا گیا تھا۔ اب بری خبر یہ ہےکہ اسپکس مکاؤ نامی یہ نایاب طوطا اب دنیا کے کسی جنگل میں موجود نہیں اور اپنے مسکن سے معدوم ہوچکا ہے۔

اس ضمن میں ماہرین نے ایک انتھک مطالعہ کرکے بتایا ہے کہ برازیل میں پایا جانے والا یہ طوطا اب اپنے قدرتی ماحول سے ختم ہوچکا ہے لیکن اس رپورٹ کو مرتب کرنے والی تنظیم برڈ لائف نے کہا ہے کہ مزید 8 اقسام کے پرندے بھی یا تو مکمل طور پر ناپید ہوچکے ہیں یا مشکوک معدومیت میں شامل ہوچکے ہیں اور ان کی نصف تعداد کا تعلق برازیل سے ہے۔

برڈ لائف کے مطابق یہ پہلا واقعہ ہے کہ کسی جزیرے کے مقابلے میں مرکزی ملک سے اتنی بڑی تعداد میں پرندے ایک ساتھ معدوم ہوئے ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ جزیرے کی محدود جگہ پر کئی جانوروں کی انواع ختم ہوتی رہتی ہیں لیکن باقاعدہ ایک زمینی خطے سے پرندوں کی معدومیت ایک بڑا واقعہ ہے۔

برڈ لائف سے وابستہ ماہر اسٹوارٹ بوکارٹ نے بتایا کہ ہماری تحقیقات سے ظاہر ہے کہ قریباً تمام براعظموں میں زرعی سرگرمیوں، درختوں کے کٹاؤ اور ان کے مسکن کے تباہ ہونے سے جانور تیزی سے ختم ہورہے ہیں۔ اسی بنا پر خطرے سے دوچار اس خوبصورت نیلے طوطے کو ہیرو بناکر اس کی اہمیت پیش کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ پوری دنیا میں اسپکس مکاؤ قسم کے 60 سے 80 طوطے موجود ہیں جن کی نسل بڑھانے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے تاہم ماہرین نے کہا ہے کہ شاید ہی یہ پرندہ کہیں اور مل سکے۔ اس کے تمام علاقوں کو اچھی طرح دیکھا گیا ہے اور وہاں اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔