غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، گورنر سندھ کی مداخلت پر خیر مقدم

بزنس رپورٹر  جمعرات 30 مئ 2013
بجلی و گیس کمپنیوں کا تنازع حل کرانے پر زبیر چھایا اور مہتاب چاؤلہ کا بھی گورنر کو خراج تحسین۔   فوٹو: فائل

بجلی و گیس کمپنیوں کا تنازع حل کرانے پر زبیر چھایا اور مہتاب چاؤلہ کا بھی گورنر کو خراج تحسین۔ فوٹو: فائل

کراچی:  کراچی چیمبرآف کامرس، کورنگی ایسوسی ایشن، سائیٹ سپرہائی وے انڈسٹریل زون، نارتھ کراچی، ایف بی ایریا انڈسٹریل ایسوسی ایشن و دیگر صنعتی انجمنوں نے کراچی کے صنعت وتجارت اور رہائشی علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان کی مداخلت اورسخت نوٹس لینے پرانہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

کراچی چیمبر کے صدرہارون اگر نے کہا ہے کہ گورنر سندھ نے کراچی کے صنعتی علاقوں اور کاروباری مراکز میں گھنٹوں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلیے سوئی سدرن گیس کمپنی اورکراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ذمے داروں کوآمنے سامنے بٹھا کر باہمی تنازعات کے حل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے صنعتوں اور عوام کے بہتر مفاد میں گورنر سندھ کی سوئی سدرن گیس کمپنی اور کے ای ایس سی کو معاہدے کی پاسداری کا پابند بنانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد نے ہمیشہ سے بالخصوص کراچی اور بالعموم صوبہ سندھ کے مفاد میں اپنی صلاحیتوں کابہترین استعمال کیا ہے اور گورنر سندھ کی حیثیت سے انہوں نے ہمیشہ امن وامان، انفرااسٹرکچر کی بہتری سمیت صحت وتعلیم، کاروبار اورعوام دوست اقدامات میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے۔

ہارون اگر نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور کے ای ایس سی کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر نگران وزیرپٹرولیم و قدرتی وسائل سہیل وجاہت اور سیکریٹری پٹرولیم عابد سعیدکی حمایت کو بھی سراہا، معاہدے کے تحت سوئی سدرن گیس کمپنی طلب کے مطابق کے ای ایس سی کو گیس فراہم کرے گی۔

اس اقدام سے گیس پر چلنے والے پاور پلانٹ بلاتعطل پیداوار جاری رکھ سکیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کے ای ایس سی اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے درمیان معاہدے کے بعد کراچی کے ساتوں صنعتی زونز کو مستقل بنیادوں پرگیس کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ ہارون اگر نے کہا کہ صنعتی زونز میں بلارکاوٹ بجلی کی فراہمی اورپرامن ماحول میں صنعتی پہیہ تیز رفتاری سے گھوم سکے گا اورملکی معیشت کی ترقی اوربرآمدات میں اضافے کے ساتھ روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہوں گے۔

ہارون اگر نے نئی حکومت پر سوئی سدرن اور کے ای ایس سی کے درمیان ادائیگیوں کے معاملے کومستقل بنیادوں پر حل کرنے پر بھی زور دیا۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین زبیر چھایا نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان اور نگراں وزیرآئی ٹی میاں زاہد حسین کی کوششوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

ٹاولز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین مہتاب چاؤلہ نے کہا کہ صنعتی شعبے کی بقا اور برآمدی اہداف کے حصول کے لیے شہر بھر کے صنعتی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت تھی جسے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے پورا کیا، بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہونے سے کراچی کی صنعتوں میں خدمات انجام دینے والے لاکھوں ورکرز کی بیروزگاری کے خطرات ٹل گئی ہے اور اس کاسہرا گورنر سندھ کو جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔