اداکاری کے بارے میں کبھی بھی نہیں سوچا،سائرہ نسیم

کلچرل رپورٹر  جمعرات 30 مئ 2013
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

لاہور: گلوکارہ سائرہ نسیم نے کہا ہے کہ اداکاری کے بارے میں کبھی بھی نہیں سوچا اور نہ مستقبل میں ایسا کرنے کا کوئی ارادہ ہے۔

وہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کر رہی تھیں۔ سائرہ نسیم نے کہا کہ ویسے تو ملکہ ترنم نورجہاں، مسرت نذیر ، سورن لتا اور آشا جی جیسی لیجنڈ گلوکاراوں نے اداکاری کے میدان میں بھی کامیابیاں حاصل کیں۔ اس وقت بھی  بالی وڈ اور لالی وڈ کی فلموں معروف میل فی میل سنگرز اداکاری  کو بھی جاری رکھے ہوئے ہیں مگر میں خود کو گائیکی تک ہی محدود رکھنا چاہتی ہوں ۔ انھوں نے کہا کہ اداکاری نہ کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ شاید اس بات سے ڈرتی ہوں کہ پتہ نہیں کیا رسپانس ملتا ہے۔

صرف اس لیے کہ اب  اس طرح کا رسک لینے کے لیے آگے کوئی ایسا پراجیکٹ بھی ہو ، ہماری فلم انڈسٹری ویسے ہی آئی سی یو میں پڑی ہوئی ہے ۔ جس وقت لیجنڈ سنگرز نے کام کیا وہ ایک یادگار دور تھا جس میں شخصیت کو سامنے رکھتے ہوئے اسکرپٹ لکھے جاتے تھے مگر اب تو بالی وڈ سمیت دنیا کی فلم انڈسٹریز میں مارکیٹ ویلیو کو دیکھتے ہوئے فلمیں بنائی جارہی ہیں۔ سائرہ نسیم نے کہا کہ مجھے اللہ تعالی نے گلوکاری میں ہی عزت ، شہرت سمیت سب کچھ دیا ہے بس اس میں ہی ایسا کام کرنا چاہتی ہوں کہ جیسے لوگ مدتوں یاد رکھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔