تھر ایکسپریس کا ٹریک کاٹنے کی کوشش ناکام، ایک ملزم گرفتار

ایکسپریس نیوز ڈیسک  جمعرات 30 مئ 2013
گرفتار ملزم عبدالخالق بروہی کو پولیس نے انسداد دہشتگری کی عدالت میں پیش کیا جہاں اسے 7 روز کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ فوٹو: فائل

گرفتار ملزم عبدالخالق بروہی کو پولیس نے انسداد دہشتگری کی عدالت میں پیش کیا جہاں اسے 7 روز کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ فوٹو: فائل

میرپورخاص: بھارت اور پاکستان کے درمیان چلنے والی انٹرنیشنل ٹرین تھر ایکسپریس کے ٹریک کو کاٹنے کی کوشش کرنے والے3 نامزد ملزمان سمیت4 افراد کے خلاف انسداد دہشتگری اور ریلوے ایکٹ کے تحت محمودآباد پولیس اسٹیشن میں الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے۔

گرفتار ملزم عبدالخالق بروہی کو پولیس نے انسداد دہشتگری کی عدالت میں پیش کیا جہاں اسے 7 روز کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس ایچ او عبدالستار گرگیج نے بتایا کہ ریلوے ٹریک کاٹنے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں  عبدالخالق بروہی، امین پنہور، محرم  پنہور اور ایک نامعلوم شخص کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب سلاٹر ہاؤس کے قریب تھر ایکسپریس کے ٹریک کو کاٹنے کی اطلاع ملنے پر محمود آباد پولیس نے مبینہ طور پر چھاپہ مار کر فائرنگ کے تبادلے کے بعد عبدالخالق بروہی کو گرفتار کرلیا تھا جبکہ دو ملزمان فرار ہوگئے ۔ ایس ایس پی میرپورخاص نعمان صدیقی نے  کہا کہ بظاہر یہ دہشتگردی کی واردات لگ رہی ہے تاہم تحقیقات کے بعد ہی اصل محرکات سامنے آ سکیں گے۔ پولیس اور خفیہ ادارے واقعے کی تحقیقات  کر رہے ہیں۔ گرفتار ملزم عبدالخالق کا کہنا ہے کہ وہ کھپرو بس اسٹینڈ پر گیس ویلڈنگ کی دکان چلاتا ہے،2 افراد امین پنہور اور محرم پنہور نے گیس سلنڈر جائے وقوعہ پر منگوایا ، وہ اس واردات میں ملوث نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔