شاہ پور چاکرمیں شدید گرمی، طویل لوڈشیڈنگ، شہری بے حال

نامہ نگار  جمعرات 30 مئ 2013
18 سے 20 گھنٹے تک بجلی نہ ہونے کے باعث کارخانے اور دیگر کاروبار بند ہے جس کی وجہ سے مزدور بیروزگار ہورہے ہیں. فوٹو: فائل

18 سے 20 گھنٹے تک بجلی نہ ہونے کے باعث کارخانے اور دیگر کاروبار بند ہے جس کی وجہ سے مزدور بیروزگار ہورہے ہیں. فوٹو: فائل

شاہ پور چاکر: شاہ پور چاکر،کھڈرو، سرہاری، مقصودو رند، پریتم آباد (زرداری فارم) و دیگر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، دوسری جانب بجلی کی علانیہ و غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ 18 سے 20 گھنٹے تک جاپہنچا ہے۔

اس سلسلے میں نہ تو حیسکو آفس میں اور نہ ہی گرڈ اسٹیشن میں کوئی شیڈول بتایا جاتا ہے، جب چاہے بجلی بند کردی جاتی ہے اور کبھی کوئی نہ کوئی تار کاٹ دیا جاتا ہے۔ رابطہ کرنے پر بتایا جاتا ہے کہ مین سپلائی بند ہے، شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بزرگ اور بچے بلبلا اٹھے ہیں۔ پانی کی شدید قلت بھی پیدا ہوگئی ہے، 18 سے 20 گھنٹے تک بجلی نہ ہونے کے باعث کارخانے اور دیگر کاروبار بند ہے جس کی وجہ سے مزدور بیروزگار ہورہے ہیں اور ان کے گھروں میں فاقہ کشی کی صورت حال ہے۔

واضح رہے کہ شاہ پور چاکر کا زیر زمین پانی پینے کے قابل نہیں اور واحد فلٹر پلانٹ جوکہ پورے شہر کو پینے کا میٹھا پانی سپلائی کرتا ہے وہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث بند پڑا ہے، شہری زیر زمین پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے گیسٹرو کی بیماری بھی پھیل رہی ہے اور اس کے پھیلنے کا خطرہ ہے، شہری حیسکو کے خلاف آئے دن مظاہرے کرتے رہتے ہیں لیکن ان افسران کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔