کورنگی میں قتل کیے گئے نجی کمپنی کے سیلزایگزیکٹوسپرد خاک

ساجد رؤف  جمعرات 30 مئ 2013
تیمور کے قتل میں ملوث ملزمان کوگرفتار کیاجائے،شمیم احمد اورخالدکا مطالبہ ۔ فوٹو : ساجد رؤف / ایکسپریس

تیمور کے قتل میں ملوث ملزمان کوگرفتار کیاجائے،شمیم احمد اورخالدکا مطالبہ ۔ فوٹو : ساجد رؤف / ایکسپریس

کراچی:  کورنگی زمان ٹاؤن کی حدود میں100 کوارٹرزکے قریب فائرنگ سے قتل کیے جانے والے نجی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی کے سیلز آفسر تیمور رضا کو پاپوش نگر قبرستان میں سپرد خاک کردیا ۔

کورنگی زمان ٹاؤن کی حدود میں تصویر محل سینما کے عقب میں منگل کو فائرنگ کر کے قتل کیے جانے والے ناظم آباد 4 البدر اسکوائر کے رہائشی نجی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی کے سلیز ایگزیکٹو23 سالہ تیمور رضا ولد شمیم احمد کی میت اٹھی تو علاقے میں کہرام مچ گیا ،مقتول کے اہلخانہ اور عزیز واقارب اور دوست احباب ایک دوسرے کے لگے لگ کرروتے رہے،مقتول کی نماز جنازہ ناظم آباد نمبر 4 میں واقع جامع مسجد ہادی میں بعد نماز ظہر ادا کی گئی،نماز جنازہ میں مقتول کے اہلخانہ،عزیز و اقارب،علاقہ مکین اور نجی انٹر نیٹ فراہم کرنے والی کمپنی کے اعلیٰ افسران اور ملازمین نے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

جس کے بعد مقتول کو پاپوش نگر قبرستان سپرد خاک کردیا گیا ،مقتول کے والد شمیم احمد اور بہنوئی خالد نے ایکسپریس کو بتایا مقتول 2 بھائیوں اور 6 بہنوں میں چھٹے نمبر تھا اور نجی انٹر نیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی میں سیلز ایگزیکٹو کے عہدے پر فائز تھا اورجوہر چورنگی کے قریب واقع برانچ میں تعینات تھا ۔

انھوں نے بتایا کہ ان کا بیٹا کا کسی سیاسی اور مذہبی جماعت سے کوئی تعلق نہیں تھا اور تیمور سیاسی سرگرمیوں سے دور رہا کرتا تھا اور اس کی کسی سے کوئی دشمنی بھی نہیں تھی،انھوں نے کہا انہیں یقین ہی نہیں آرہا ہے کہ ان کا بیٹا اب اس دنیا میں نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے نہ صرف ایک بے گناہ کو قتل کیا ہے بلکہ ایک باپ سے اس کا لخت جگر اور بڑھاپے کا سہارا چھین لیا ہے، انھوں نے کہا کہ وہ انصاف چاہتے ہیں اور جس نے بھی ان کے بیٹے کا نا حق قتل کیا متعلقہ حکام سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے بیٹے کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرے اور انہیں کیفرکردار تک پہنچائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔