فرنچ اوپن سے برطانوی کھلاڑیوں کا صفایا ہوگیا

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  جمعرات 30 مئ 2013
فرنچ اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں بھارتی کھلاڑی دیو ورمن کو شکست دینے پر فیڈرر کا فاتحانہ انداز۔  فوٹو: اے ایف پی

فرنچ اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں بھارتی کھلاڑی دیو ورمن کو شکست دینے پر فیڈرر کا فاتحانہ انداز۔ فوٹو: اے ایف پی

پیرس: فرنچ اوپن سے برطانوی کھلاڑیوں کا صفایا ہوگیا، راجرفیڈرر نے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔

ٹاپ سیڈ نووک جووکوک نے بھی فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ڈیوڈ گوفن کو ہرادیا، فورتھ سیڈ اگنسیکا ریڈوانسکا کا اپنی چھوٹی بہن ارسزیلا سے کھیلنے کا خواب چکناچور ہوگیا، جرمن پلیئر اینجلیک کیربر نے دوسرا مرحلہ عبور کرلیا، مینز سنگلز میں جوئے ولفریڈ سونگا، مارن کلک، فلکیانو لوپز اور وکٹر ٹروسکی کی پیشقدمی جاری رہی۔

تفصیلات کے مطابق 6 برسوں میں پہلی مرتبہ کوئی بھی انگلش پلیئر ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں نہیں پہنچ پایا، سوئس ماسٹر راجرفیڈرر نے بھارت کے سومدیو  دیوورمن کو 6-2، 6-1 اور 6-1 سے مات دی، فرانس کے گیل مونفلز نے لٹویا کے ارنسٹ گلبز کو 6-7، 6-4، 7-6 اور 6-2 سے ہرایا۔

جائلز سیمون نے پبلو چیواس کو 6-7، 6-1، 6-1 اور 6-1 سے زیر کیا، نکولس الماگرو نے ایڈورڈ روجر ویسلن کیخلاف 6-2، 6-4 اور 6-3 سے غلبہ پایا، علاوہ ازیں منگل کی شب مکمل ہونے والے پہلے راؤنڈ مقابلے میں ٹاپ سیڈ سربیا کے نووک جوکووک نے بیلجیئن حریف ڈیوڈ گوفن کو7-6(7/5)،6-4 اور 7-5 سے قابو کرلیا۔

ویمنز سنگلز سیکنڈ راؤنڈ میں اگنیسکا ریڈوانسکا نے میلوری برڈیٹی کو 6-3، 6-2 سے ٹھکانے لگایا، جرمن پلیئر اینجلیک کیربر نے سلواکین حریف جانا سیپالووا کیخلاف اسٹریٹ سیٹ میں 6-2، 6-2 سے فتح کو مقدر بنایا، ارسزیلا ریڈوانسکا کو جرمن پلیئر ڈینا فزنمائر نے 6-3، 6-3 سے ہرادیا،فرسٹ راؤنڈ کے دیگر میچز میں ڈبل آسٹریلین اوپن چیمپئن وکٹوریا آذرنیکا کامیاب رہیں، انھوں نے روسی حریف الینا ویسنینا کو6-1، 6-4 سے ہرایا، سوئس پلیئر اسٹیفنی ووئیجل  نے برطانوی امیدوں کا محور ہیتھر واٹسن کو 6-4، 2-6 اور 6-4 سے ابتدا ہی میں ٹھکانے لگادیا، اس طرح تمام برطانوی اسٹار اس مرتبہ پہلے راؤنڈ کے مہمان ثابت ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔