سندھ پولیس، موبائل فون کرائم کی تحقیقات کیلئے 2 ڈیوائس خریدنے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 15 اگست 2012
مستند کمپنیوں کے موبائل فون کا تجزیہ کرنے والی مشین سیل برائٹ(cellbrite)۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

مستند کمپنیوں کے موبائل فون کا تجزیہ کرنے والی مشین سیل برائٹ(cellbrite)۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: سندھ پولیس کے فارنزک ڈویژن میں جدید آلات سے لیس ایک ڈیجیٹل لیباریٹری قائم کی جارہی ہے جس میں ڈیجیٹل کرائم سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی، جبکہ سندھ پولیس نے موبائل فون کے ذریعے کیے جانے والے جرائم کی تحقیقات کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی حامل2ڈیوائس خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے چائنا کے موبائل فون کے ڈیٹا کے حصول کے علاوہ کمپیوٹر سے کیے جانے والے ہر قسم کے جرم کی تحقیقات میں مدد ملے گی اور موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جاسکے گا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے فارنزک ڈویژن میں جدید آلات سے لیس ایک ڈیجیٹل لیباریٹری قائم کی جارہی ہے جہاں ڈیجیٹل کرائم سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی اور شواہد کا جدید آلات کے ذریعے تجزیہ کیا جاسکے گا ،پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈیجیٹل لیباریٹری میں اسٹریٹ کرائم، بم دھماکوں اور دیگر جرائم کے جائے وقوعہ سے ملنے والی موبائل فون کی سم، کمپیوٹر کے پرزوں اور دیگر ڈیجیٹل آلات کا تجزیہ کرکے ان میں موجود ڈیٹا حاصل کیا جاسکے گا۔

اے آئی جی فارنزک ڈویژن منیر اے شیخ نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے پولیس نے تباہ یا ناکارہ ہوجانے والے موبائل فون، سم کارڈ اور کمپیوٹر چپ سے ڈیٹا جمع کرنے کے لیے جدید نوعیت کی2ڈیوائس سیل برائٹ(CellBrite) اور لوجی کیوب(Logicube) خریدنے کا فیصلہ کیا ہے ،انھوں نے بتایا کہ سیل برائٹ ڈیوائس کے ذریعے مستند کمپنیوں کے موبائل فون اور کمپیوٹر کے پرزوں جبکہ لوجی کیوب ڈیوائس کی مدد سے صرف چائنا کے موبائل فون، کمپیوٹرز اور دیگر آلات کا تجزیہ کیا جاسکے گا اور ان میں محفوظ ڈیٹا تک رسائی حاصل کی جاسکے گی۔

اے آئی جی منیر شیخ نے بتایا کہ اس سے قبل چائنا موبائل فون کے ذریعے کیے جانے والے جرائم میں ملزمان کا سراغ لگانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور ملزمان بھی چائنا کے موبائل فون کے ذریعے اغوا برائے تاوان اور بھتہ وصولی کی وارداتیں کیا کرتے تھے ،لوجی کیوب ڈیوائس کے حصول کے بعد چائنا کے موبائل فون کا بھی تجزیہ کیا جاسکے گا ،انھوں نے بتایا کہ سیل برائٹ اور لوجی کیوب نامی ڈیوائس کی مالیت تقریباً30لاکھ روپے ہے دونوں ڈیوائس ملنے کے بعد انھیں فارنزک ڈویژن میں قائم کی جانے والی ڈیجیٹل لیباریٹری کا حصہ بنادیا جائے گا ،مذکورہ ڈیوائس کو استعمال کرنے کے لیے ڈیجیٹل لیباریٹری میں2ماہرین اور عملے کے دیگر6اہلکار ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔