ہیڈ بیلف کا سی آئی ڈی سینٹرگارڈن پر چھا پہ ، مغوی منتقل

اسٹاف رپورٹر  بدھ 15 اگست 2012
پولیس کی درخواست گزار کوخاموش رہنے کی تلقین،مغوی کو رہا کرنیکی یقین دہانی

پولیس کی درخواست گزار کوخاموش رہنے کی تلقین،مغوی کو رہا کرنیکی یقین دہانی

کراچی: سیشن جج کے حکم پر ہیڈ بیلف نے شہری کی بازیابی کے لیے سی آئی ڈی سینٹر گارڈن پر چھاپہ مارا تاہم عدالتی مخبری ہونے کے باعث مغوی کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ، پولیس نے درخواست گزار کو خاموش رہنے کی تلقین کی ہے اور 24گھنٹے میں مغوی کو رہا کرنے کا یقین دلایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی حسن فیروز نے مسماۃ شمیم بی بی کی دائر حبس بے جا کی درخواست پر ہیڈبیلف مدثر حسین کو سی آئی ڈی گارڈن میں چھاپہ مارنے کا حکم دیا تھا ،عدالتی عملے نے سیشن جج کے حکم پر مذکورہ تھانے پر چھاپہ مارا تھا ،عدالتی عملے کے تھانے پہنچتے ہی پولیس افسر نے دوسرے گیٹ سے مغوی کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ،تھانے میں موجود عملے نے بتایا کہ عدالتی مخبری ہوگئی تھی تاہم انسپکٹر نے مغوی کو دوسرے دروازے سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

خاتون کے مطابق اسے پولیس افسر نے خاموش رہنے کی تلقین کی ہے اور یقن دلایا کہ اگر وہ کوئی مذید کارروائی نہیں کرے تو 24گھنٹے میں اس کے بیٹے کو رہا کردیا جائے گا ورنہ سنگین مقدمات میں ملوث کرکے جیل بھیج دیا جائیگا ، خاتون نے عدالتی عملے کو بتایا کہ دوروز سے اسی تھانے میں بیٹے سے ملاقات کرتی رہی ہوں اور پولیس افسر کاشف نے رقم کی ادائیگی کیلیے وقت دیا تھا لیکن وہ غریب اور بے سہارا ہے رقم ادا نہیں کرسکتی تھی جس پرعدالت سے رجوع کیا تھا۔

قبل ازیں درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ دو روز قبل سی آئی ڈی انسپکٹرکاشف مراد نے کوثر نیازی کالونی میں واقع گھر میں غیرقانونی داخل ہوکر اس کے بیٹے شاکرکو حراست میں لیا تھا اور گارڈن میں سی آئی ڈی سینٹر میں قید کردیا تھا اور بیٹے کی رہائی کیلیے30 ہزار روپے طلب کیے تھے،غربت کے باعث رقم کا بندوبست نہیں ہوسکا لیکن پولیس افسر مسلسل رقم کا تقاضہ کررہا ہے ،درخواست میں بیٹے کی بازیابی کی استدعا کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔