کچی آبادیوں سے جرائم ختم کرنے کیلیے ممبئی کی طرح کثیر المنزلہ عمارتیں بنائی جائیں، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 30 مئ 2013
پولیس کے محکمے میں تھانے کی حیثیت کومضبوط ، پراسیکیوٹرز اور تفتیشی افسران کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے. فوٹو: فائل

پولیس کے محکمے میں تھانے کی حیثیت کومضبوط ، پراسیکیوٹرز اور تفتیشی افسران کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے. فوٹو: فائل

کراچی:  چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس مشیرعالم نے کراچی میں امن وامان کی صورتحال کے بارے میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے فہم اوراس پر قابو پانے کے لیے استعداد وصلاحیت پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعدد اہم فیصلے اور ہدایات جاری کی ہیں۔

بدھ کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی سربراہی میں امن وامان کی صورتحال کے بارے میں اہم اجلاس ہوا، جس میں آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ، اے آئی جی کراچی اقبال محمود، اے آئی جی لیگل علی شیر جکھرانی اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ پولیس میں تفتیشی افسران کی مناسب تعلیم نہیں اور وہ غیرتربیت یافتہ بھی ہیں اس لیے لاپتا شہریوں کی بازیابی اور ٹارگٹ کلنگ کے کیسز حل نہیں ہورہے۔ چیف جسٹس نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ وہ ٹارگٹ کلنگ کے ایسے مقدمات کی تفصیلات سندھ ہائیکورٹ کو بھجوادیں جن میں ملزمان کو سزا نہیں ہوسکی ۔

تاکہ ان وجوہات کاتعین کرنے کے لیے تحقیق کی جاسکے۔ چیف جسٹس نے مزید ہدایت کی کہ محکمے میں ملٹی لیول پولیسنگ کاخاتمہ کرکے تھانے کی حیثیت مضبوط کی جائے، اسلحہ، فنگر پرنٹس،کرائم سین سے ملنے والے خولوں کا ڈیٹا بینک تیارکیا جائے، اسلحہ لائسنس کے اجرا کے موقع پر اسلحے سے گولی چلاکر اس کی تفصیلات کمپیوٹرائز کی جائیں، پولیس اکیڈمی کا سندھ جوڈیشل اکیڈمی سے اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیاگیاتاکہ پراسیکیوٹرز اور تفتیشی افسران کی صلاحیتوںمیں اضافہ کیا جاسکے۔

چیف جسٹس نے پولیس افسران پر واضح کیا کہ کسی پولیس اسٹیشن کی کارکردگی اس بنیاد پر نہیں جانچی جائے گی کہ یہاں ایف آئی آر کم درج ہوئی ہیں بلکہ اس امرکا جائزہ لیا جائے گا کہ کتنے مقدمات کا سراغ لگایا گیا اور کتنے مقدمات میںملزمان کو سزا ہوئی۔ اجلاس میں آ بزرو کیا گیاکہ کچی آبادیاںجرائم کا گڑھ بن گئی ہیں، چیف جسٹس نے تجویز دی کہ یہ مسئلہ ممبئی کی طرز پر حل کرلیا جانا چاہیے جیسا کہ وہاں کچی آبادیوں کے رہائشیوں اور بلڈرز نے کثیرالمنزلہ عمارات تعمیر کرکے کیا۔ چیف جسٹس نے 28مئی کو قتل ہونیوالے وکیل کوثر ثقلین اور ان کے بیٹوں کی ہلاکت کے مقدمے میں پیش رفت سے روزانہ ہائیکورٹ کو آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انسپکٹر جنرل سندھ پولیس نے اجلاس کو بتایاکہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی شرح میں کمی آئی ہے۔ تاہم آئی جی سندھ کا موقف تھاکہ شہر میں 600کلوز سرکٹ کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔