بھارتی شہری نے اسکاٹ لینڈ میں زیر تعلیم بیٹی کیلیے 12 ملازمین رکھ لیے

ویب ڈیسک  منگل 11 ستمبر 2018
باپ نے تعلیم کی غرض سے گئی بیٹی کے لیے پوش علاقے میں ایک شاندار اور خوبصورت محل بھی کرائے لے لیا (فوٹو : انسٹاگرام)

باپ نے تعلیم کی غرض سے گئی بیٹی کے لیے پوش علاقے میں ایک شاندار اور خوبصورت محل بھی کرائے لے لیا (فوٹو : انسٹاگرام)

 لندن: بھارتی ارب پتی شخص نے اسکاٹ لینڈ کی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والی اپنی بیٹی کی حفاظت اور دیکھ بھال کے لیے 12 نہایت تربیت یافتہ ملازمین رکھے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسکاٹ لینڈ کی سینٹ اینڈریو یونیورسٹی میں درجہ اول میں داخلہ لینے والی ارب پتی بھارتی شخص کی بیٹی کے لیے 12 ملازمین کی کھیپ رکھی گئی ہے۔

ملازمین میں ایک ہاؤس منیجر، 3 ہاؤس کیپر، 3 باوردی پیادے، مالی، ذاتی کام کے لیے خاتون ملازمہ، خانساماں، بین الاقوامی کھانے بنانے والا ماہر شیف اور ڈرائیور شامل ہیں جو اپنے اپنے شعبے میں مہارت رکھتے ہیں۔

علاوہ ازیں بھارتی ارب پتی نے اپنی بیٹی کے لیے اسکاٹ لینڈ کے ساحلی اور پوش ترین علاقے میں محل نما گھر بھی کرائے پر لیا ہے جہاں کے انتظامات کسی شاہی محل سے کم نہیں ۔ اس محل میں بھارتی طالبہ اپنے ملازمین کے ہمراہ چار سال تک قیام پذیر رہیں گی۔

ارب پتی شخص نے اپنی بیٹی کی دیکھ بھال کے لیے تربیت یافتہ ملازمین کو بھرتی کرنے کے لیے اخبار میں اشتہار دیا تھا جس میں نہایت تربیت یافتہ ملازمین سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں اور کامیاب امیدواروں کو ہزاروں پاؤنڈ تنخواہ دینے کی نوید سنائی گئی تھی۔

برطانوی اخبار میں بھارتی طالبہ سے متعلق شائع ہونے والی رپورٹ کے بعد طالبہ کو برطانیہ کی امیر ترین غیرملکی طالبہ قرار دے دیا گیا ہے تاہم خاندان کی درخواست پر طالبہ اور ان کے ارب پتی باپ کے نام کو خفیہ رکھا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔