دبئی میں پاکستانی شہری نے رقم واپس نہ ملنے پر ہم وطن کی گاڑی جلادی

 منگل 11 ستمبر 2018
زوجہ کے علاج کے لیے رقم درکار تھی لیکن دوست ٹالتا رہا اور اس نے فون اٹھانا بھی چھوڑ دیا تھا، ملزم (فوٹو: فائل)

زوجہ کے علاج کے لیے رقم درکار تھی لیکن دوست ٹالتا رہا اور اس نے فون اٹھانا بھی چھوڑ دیا تھا، ملزم (فوٹو: فائل)

دبئی میں موجود پاکستانی شہری نے اپنی رقم واپس نہ ملنے پر ہم وطن کی گاڑی کو آگ لگادی جس پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

گلف نیوز کے مطابق دبئی کے صنعتی علاقے القوز میں گاڑی جلانے کے ایک مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں پولیس نے ایک پاکستانی شہری کو بطور ملزم پیش کیا۔ ملزم نے رقم واپس نہ ملنے پر اپنے دوست کی گاڑی کو آگ لگادی تھی۔ ملزم نے جرم کا اعتراف کیا اور بتایا کہ اس نے کار کھول کر اس میں کاغذات رکھے اور انہیں آگ لگادی بعدازاں آگ نے پوری کار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ملزم نے اپنے دفاع میں جج کو بتایا کہ اس نے اپنے دوست کو رقم ادھار دی اپنی زوجہ کے بیمار ہونے پر علاج کے لیے اسے رقم کی شدید ضرورت پڑی، علاج کے لیے اس نے دوست سے اپنی رقم کی واپسی کا تقاضا کیا تاہم دوست معاملے کو ٹالتا رہا بعدازاں اس نے میرا فون بھی اٹھانا چھوڑ دیا جس پر مشتعل ہوکر میں نے اس کی گاڑی کو نذر آتش کردیا۔

ملزم تاحال پولیس کی حراست میں ہے جس کے مقدمے کا فیصلہ 20 ستمبر کو سنایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔