خیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کے امیدوار بلامقابلہ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر منتخب

ویب ڈیسک  جمعرات 30 مئ 2013
اسد قیصر نے اسپیکر کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور نو منتخب ڈپٹی اسپیکر امتیاز شاہد قریشی نے حلف لیا۔ فوٹو : ایکسپریس

اسد قیصر نے اسپیکر کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور نو منتخب ڈپٹی اسپیکر امتیاز شاہد قریشی نے حلف لیا۔ فوٹو : ایکسپریس

پشاور: خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے اسد قیصر اور امتیاز شاہد قریشی متفقہ طور پر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر کرامت اللہ چغر مٹی کی سربراہی میں ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کے باضابطہ آغاز پر ملک میں دہشتگردی کا شکار افراد کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے انتخابی عمل کا آغاز ہوا، امیدواروں کے اعلان کے بعد اسپیکر نے تمام امیدوراوں کو اپنے چیمبر میں بلایا تاکہ آئندہ  اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب رائے شماری کے بجائے متفقہ طور پر کرلیا جائے۔ مذاکرات کے دوران اپوزیشن کی جانب سے جے یو آئی (ف) کے منور خان اور مسلم لیگ (ن) کے ارباب اکبر حیات کےلئے تحریک انصاف کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہوگئے، اس طرح اسد قیصر متفقہ طور پر اسپیکر جبکہ امتیاز شاہد قریشی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔

اسد قیصر سے حلف لینے کے بعد کرامت الہ چغر مٹی نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ 5 سال ایوان کی سربراہی کی اب اسد قیصر کی باری ہے اور امید کرتے ہیں کہ وہ بھی غیر جانبدار طریقے سے ایوان کو چلائیں گے اور اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔ کرامت اللہ چغر مٹی کے جانے کے بعد اسد قیصر نے اسپیکر کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور نو منتخب ڈپٹی اسپیکر امتیاز شاہد قریشی نے حلف لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔