لاہور ہائی کورٹ نے ’’کنورژن کٹ‘‘ کے بغیر چلنے والی گاڑیوں پر پابندی لگا دی

ویب ڈیسک  جمعرات 30 مئ 2013
مسافر گاڑیوں میں اوورلوڈ نگ کو روکنے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ۔ فوٹو: فائل

مسافر گاڑیوں میں اوورلوڈ نگ کو روکنے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ۔ فوٹو: فائل

لاہور: ہائی کورٹ نے کنورژن کٹ کے بغیر چلنے والی ہر قسم کی گاڑیوں پر پابندی لگاتے ہوئے متعلقہ اداروں کو اس پر عملدرآمد کی ہدایت کردی ہے ۔ 

لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے سانحہ گجرات کی عدالتی تحقیقات کے لئے دائر درخواست کی سماعت کی ، سماعت کے دوران  درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ گاڑیوں میں آگ لگنے کی سب سے بڑی وجہ ان میں کنورژن کٹ کی تنصیب نہ ہونا ہے جس کی وجہ سے ڈرائیور حضرات جب  ایندھن کے ایک ذریعے سے دوسرے ذریعے پر منتقل کرتے ہیں تو گاڑی میں آگ لگ جاتی ہے اور سانحہ گجرات کی وجہ بھی یہی تھی۔

چیف جسٹس نے کیس کی سماعت کے دوران تمام قسم کی گاڑیوں میں کنورژن کٹس کی تنصیب کو لازمی قرار دے دیتے ہوئے متعلقہ سرکاری اداروں کو حکم دیا ہے کہ بغیر کنورژن کٹس چلنے والی ہر قسم کی گاڑی پر پابندی لگائی جائے اور مسافر گاڑیوں میں اوورلوڈ نگ کو روکنے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔

واضح رہے گزشتہ ہفتے گجرات میں ایک اسکول وین میں آگ لگ جانے کی وجہ سے خاتون ٹیچر سمیت 18 معصوم طلبا جاں بحق ہوگئے تھےاس علاوہ بھی ملک بھر میں گاڑیوں میں لگے گیس سلنڈر پھٹنے کے واقعات روز کا معمول ہوگئے ہیں جسے کوئی سرکاری محکمہ چیک نہیں کرتا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔