وزیراعظم عمران خان 16 ستمبر کو کراچی آئیں گے

ویب ڈیسک  بدھ 12 ستمبر 2018
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی 14 ستمبر جمعے کو شہر قائد پہنچیں گے فوٹو:فائل

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی 14 ستمبر جمعے کو شہر قائد پہنچیں گے فوٹو:فائل

 کراچی: وزیراعظم عمران خان 16 ستمبر کو شہر قائد آئیں گے اور مزار قائد پر حاضری دیں گے۔

اطلاعات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے رواں ہفتے دورہ کراچی کا امکان ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی 14 ستمبر جمعے کو کراچی کا دورہ کریں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان 16 ستمبر اتوار کو ایک روزہ دورے پر شہر قائد پہنچیں گے۔ دونوں رہنما مزار قائد پر حاضری دیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔ منصبِ سنبھالنے کے بعد عمران خان اور ڈاکٹر عارف علوی کا یہ پہلا دورہ کراچی ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرِصدارت گورنر ہاؤس میں اعلی سطح کا اجلاس بھی ہوگا جس میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ عمران خان پی ٹی آئی کے ارکانِ اسمبلی اور سینئر رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد اب تک مزار قائد پر حاضری نہیں دی جس پر سوالات اٹھے اور سوشل میڈیا پر تنقید بھی کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔