حکومت مدارس سے متعلق جنگ نہ چھیڑے،مولانا فضل الرحمان

ویب ڈیسک  بدھ 12 ستمبر 2018
اب بھی وقت ہے حکومت اپنے فیصلے واپس لے،مولانا فضل الرحمان

اب بھی وقت ہے حکومت اپنے فیصلے واپس لے،مولانا فضل الرحمان

 اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دینی مدارس سے متعلق حکومت جنگ نہ چھیڑے ورنہ ان کے دن گنے جاچکے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دینی مدارس کی مخالفت دراصل دین کی مخالفت ہے، حکومت یہ جنگ نہ چھیڑے ورنہ ان کے دن گئے جاچکے ہیں اب بھی وقت ہے حکومت اپنے فیصلے واپس لے اگرحکومت نے فیصلے واپس نہیں لئے تو ہم کروائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مدارس اور اسکولوں میں یکساں نصاب تعلیم نافذ کرنے کا فیصلہ

جے یو آئی(ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اتنا بھی گیا گزرا وقت نہیں ہے کہ ہم اس دباؤ کے ساتھ وقت گزاریں، ہم ٹاسک فورس کا حصہ نہیں بنیں گے تاہم پہلے ہمیں ٹاسک فورس کی تفصیلات بتائی جائیں۔

مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کی وفات پر نوازشریف اور ان کے پورے خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتاہوں۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے مدارس اور اسکولوں میں یکساں نصاب تعلیم نافذ کرنے کی منظوری دی ہے اور اس ضمن میں حکومت نے تعلیم کے شعبے میں بہتری کیلئے  شفقت محمود کی سربراہی میں ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ماہرین کو شامل کیا جائے گا، یہ ٹاسک فورس مدارس کے بچوں کیلئے بھی اقدامات کرے گی اور  ملک بھر میں تمام مدارس اور اسکولوں کے لیے یکساں بنیادی نصاب تعلیم کو نافذ کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔