نواز شریف اور مریم کے ساتھ ظلم کا ازالہ اور انصاف کا بول بالا ہوگا، شہباز شریف

ویب ڈیسک  جمعرات 13 ستمبر 2018
اللہ کی عدالت میں ہم سب نے پیش ہونا ہے، صدر مسلم لیگ (ن) . فوٹو : فائل

اللہ کی عدالت میں ہم سب نے پیش ہونا ہے، صدر مسلم لیگ (ن) . فوٹو : فائل

 لندن: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم کے ساتھ ظلم کا ازالہ اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف اہلیہ کی وفات پر بہت دکھی ہیں، اللہ تعالیٰ نواز شریف اور بچوں کو صبر جمیل عطا فرمائے جب کہ قوم سے درخواست ہے کہ وہ بیگم کلثوم نواز کی مغفرت کے لیے دعائیں کریں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نے رہائی کی درخواست پر دستخط سے انکار کردیا تھا جس کے بعد پیرول پر رہائی کی درخواست پر دستخط میں نے کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی نے 109 پیشیاں بھگتیں اور نواز شریف پر احتساب عدالت میں کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، نواز شریف اور مریم کے ساتھ ظلم کا ازالہ اور انصاف کا بول بالا ہوگا کیوں کہ اللہ کی عدالت میں ہم سب نے پیش ہونا ہے۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔