ایپل نے سب سے بڑی اسکرین والا آئی فون متعارف کرادیا

ویب ڈیسک  جمعرات 13 ستمبر 2018
ایکس ایس میکس کی اسکرین ساڑھے 6 انچ ہے اور اسٹوریج 512 جی بی ہے فوٹو:انٹرنیٹ

ایکس ایس میکس کی اسکرین ساڑھے 6 انچ ہے اور اسٹوریج 512 جی بی ہے فوٹو:انٹرنیٹ

نیویارک: اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی ایپل نے آئی فون کے تین نئے ماڈلز متعارف کرادیے ہیں جن میں اب تک کی سب سے بڑی اسکرین والا مہنگا ترین آئی فون بھی شامل ہے۔

ایپل نے نئے ماڈلز کو آئی فون ایکس ایس، ایکس ایس میکس اور ایکس آر کے نام دیے ہیں۔  اس کے علاوہ کمپنی نے جدید ترین ایپل گھڑی بھی متعارف کرائی ہے جو آپ کے دل کے امراض کا بھی پتہ لگاسکتی ہے۔

یہ تینوں ماڈلز اب تک کے تمام آئی فونز میں سب سے مہنگے ہیں جن میں نئے اور جدید ترین فیچرز شامل ہیں جب کہ دو ماڈلز ایکس ایس اور ایکس ایس میکس میں سب سے بڑی اسٹوریج فراہم کی گئی ہے۔

ایکس ایس اور ایکس ایس میکس گزشتہ سال متعارف کرائی گئی ایکس سیریز کا تسلسل ہیں جس میں چہرے کو شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی شامل ہے۔ نئے فونز میں جدید تیز رفتار پراسیسر، بڑی اسکرین اور زیادہ پکسل والے کیمرے شامل ہیں۔

ایکس ایس

ایکس ایس کی اسکرین 5.8 انچ ہے جس کی قیمت 999 ڈالر ہے۔ اس کی ریم 4 جی بی ہے اور یہ 64 گیگا بائٹ سے لے کر 512 جی بی اسٹوریج میں دستیاب ہے۔

ایکس ایس میکس

ایکس ایس میکس آئی فون کا اب تک کا سب سے بڑا اور مہنگا موبائل ہے جس کی ساڑھے 6 انچ کی اسکرین ہے اور قیمت ایک ہزار 99 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ اس کی ریم بھی 4 جی بی ہے اور یہ 64 سے لے کر 512 جی بی اسٹوریج میں دستیاب ہے۔

ایکس آر

ایکس آر ان تینوں ماڈلز میں سب سے کم قیمت ہے جس کی اسکرین 6.1 انچ ہے اور یہ الیمونیم سے بنا ہے۔ اس کی قیمت 749 ڈالر ہے جبکہ ریم 3 جی بی ہے اور یہ 64 سے لے کر 256 جی بی اسٹوریج میں دستیاب ہے۔ ایکس آر نئے اور منفرد رنگوں میں پیش کیا گیا ہے جن میں پیلا اور کورل (مرجان) شامل ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔