’ویزا‘ موبائل فنانشل سروسز پلیٹ فارم متعارف کرائے گی

موبائل پوائنٹ آف سیل مشینزسے ویزا کارڈز کو سوئپ کرکے رقم منتقل کی جاسکے گی، کامل خان


Business Reporter May 31, 2013
مشین سستی اور نقل وحرکت میں آسان ہونے سے سسٹم قصبوں میں بھی کارگر ہوگا، کنٹری منیجر

ای پیمنٹ کی سہولت فراہم کرنے والی عالمی کمپنی ''ویزا'' پاکستان میں ویزا کارڈ کے ذریعے رقوم کی منتقلی کی سہولت کے لیے موبائل فنانشل سروسز پلیٹ فارم فراہم کریگی۔

یہ سہولت بینکنگ اور ٹیلی کام انڈسٹری کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہوئے ویزا کارڈ ہولڈرز کو الیکٹرانک ذریعے سے رقوم کی محفوظ منتقلی کی سہولت فراہم کریگی۔ یہ بات ویزا کے کنٹری منیجر پاکستان افغانستان کامل خان نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے تعارفی ملاقات میں بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ موبائل پوائنٹ آف سیل مشینز( mPoS) کے ذریعے ویزا کارڈز کو سوئپ کرکے رقوم کی منتقلی عمل میں لائی جائیگی۔

مشین کی قیمت کم ہونے اور موبیلیٹی کی وجہ سے یہ سسٹم چھوٹے شہروں اور قصبوں میں بھی کارگر ثابت ہوگا جس سے پاکستان میں مالیاتی خدمات کا دائرہ وسیع کرنے میں نمایاں مدد ملے گی، اس سہولت کی فراہمی کے لیے بینکوں اور ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کیا جارہا ہے اور امید ہے کہ یہ سہولت 2014کے آخر تک متعارف کرادی جائے گی۔



یہ سہولت پہلے ہی بھارت، متحدہ عرب امارات اور فار ایسٹ میں دستیاب ہے، پاکستان میں اس سہولت کے متعارف کرائے جانے سے روایتی بینکاری اور برانچ لیس بینکاری کے درمیان ایک ربط پیدا ہوگا جو اسٹیٹ بینک کی برانچ لیس بینکاری ریگولیشنز کے عین مطابق ہوگا۔ پاکستان میں ویزا کے کاروبار اور ریونیو کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ویزا کا ریونیو بینکنگ انڈسٹری کی شرح نمو سے منسلک ہیں تاہم یہ شرح مستحکم ہے اور ویزا کو پاکستان میں مارکیٹ لیڈر کا درجہ حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویزا پاکستان میں بینکنگ انڈسٹری کے ساتھ مل کر الیکٹرانک پیمنٹ نظام کو محفوظ اور موثر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی ہے، خود بینک بھی اپنے نظام کو اپ گریڈ رکھتے ہیں اور مختلف قسم کے رسک ٹولز استعمال کرکے صارفین کو بلارکاوٹ محفوظ اور بااعتماد سروس فراہم کی جاتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں