ایف سی بلوچستان کے زیر اہتمام صوبے بھر میں شجر کاری مہم کا آغاز

ویب ڈیسک  جمعرات 13 ستمبر 2018
رواں  سال کے اخر تک ایک لاکھ سے زائد پودوں کی شجر کاری کا عمل مکمل کرلیا جائے گا (فوٹو: ایف سی)

رواں سال کے اخر تک ایک لاکھ سے زائد پودوں کی شجر کاری کا عمل مکمل کرلیا جائے گا (فوٹو: ایف سی)

کوئٹہ: فرنٹیئر کور بلوچستان کے زیر اہتمام ’سرسبز وشاداب پاکستان‘ پروگرام کے تحت صوبے بھر میں شجر کاری مہم کا آغاز  کردیا گیا۔

فرنٹیئر کور بلوچستان کے زیر اہتمام سرسبز وشاداب پاکستان پروگرام کے تحت صوبے بھر میں  شجرکاری مہم شروع کردی گئی۔ اس پروگرام کی مرکزی تقریب ہیڈ کوارٹر فرنٹیئر کور میں منعقد کی گئی جس میں  آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم نے پودا لگا کر بلوچستان بھرمیں  شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔

مہم کے تحت فرنٹیئر کور کا ہر سپاہی ماحول میں  ہریالی اور تازگی کی فضا کو پر وان چڑھانے کے لیے ایک پو دا لگائے گا۔ اسی سلسلے میں  فرنٹیئر کور کے ہیڈ کوارٹرز اور ونگ ہیڈ کوارٹرز کے زیر اہتمام سادہ اور پروقار تقاریب منعقد کی گئیں جن میں  فرنٹیئر کور کے اہل کاروں  نے صوبے بھر میں  5 ہزار سے زائد چھوٹے بڑے پودے لگائے۔ اس مہم کے تحت رواں  سال کے آخر تک ایک لاکھ سے زائد پودوں  کی شجر کاری کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ درخت روئے ارض کی زندگی اور شادابی کی علامت ہے، شجر کاری ہوا کی آلودگی کے خاتمے، زمین کی خوبصورتی اور اقتصادی فوائد کے علاوہ باعث اجر و ثواب بھی ہے لہذا بطور شہری ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے اپنے حصے کا کردار ادا کریں تاکہ آنے والی نسلوں  کو سرسبز وشاداب پاکستان دے سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔