کرکٹ کے سحر نے عرب صحراؤں کو لپیٹ میں لے لیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 14 ستمبر 2018
فیلڈنگ کوچ نے مختلف ڈرلز کرائیں،ٹاپ آرڈر پاور ہٹنگ کی پریکٹس میں مصروف رہا،بھارتی ٹیم کے بھی یو اے ای میں ڈیرے۔ فوٹو: پی سی بی

فیلڈنگ کوچ نے مختلف ڈرلز کرائیں،ٹاپ آرڈر پاور ہٹنگ کی پریکٹس میں مصروف رہا،بھارتی ٹیم کے بھی یو اے ای میں ڈیرے۔ فوٹو: پی سی بی

 دبئی: کرکٹ کے سحر نے عرب صحراؤں کو لپیٹ میں لے لیا۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہفتے کو دبئی میں  بنگلہ دیش اور سری لنکا کے مابین دبئی میں شیڈول میچ سے ہوگا۔ اگلے روز اسی وینیو پر پاکستان اور کوالیفائر ہانگ کانگ کی ٹیمیں مقابل ہونگی،17ستمبر کو افغانستان اور سری لنکا کا ابوظبی میں سامنا ہونا ہے،،اسی وینیو پر 18تاریخ کو بھارتی ٹیم کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہوگا، اگلے روز روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا سامنا دبئی میں ہوگا، فائنل28ستمبر کو کھیلا جانا ہے۔

یواے ای میں بسنے والے ایشیائی شائقین ایونٹ کے حوالے سے خاصے پُرجوش ہیں، ٹرافی کی تقریب رونمائی جمعے کی شام دبئی میں ہوگی، اس میں پاکستان،بھارت،ہانگ کانگ، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں کے کپتان شریک ہونگے۔

پریس کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جائے گا، ٹورنامنٹ کے میزبان یواے ای کو کرکٹ کے سحر نے لپیٹ میں لے لیا ہے، دبئی میں پڑاؤڈالنے والے گرین شرٹس نے دوسرے روز بھی آئی سی سی اکیڈمی میں بھرپور نیٹ پریکٹس کرتے ہوئے صلاحیتوں کو نکھارنے کا سلسلہ جاری رکھا، وارم اپ کے بعد ٹرینر گرانٹ لیوڈن نے کھلاڑیوں کو فٹنس ڈرلز کرائیں،ہیڈ کوچ مکی آرتھر بڑی دلچسپی سے تمام سرگرمیوں کو دیکھتے رہے۔

ایک روز قبل ہی اسکواڈ کو جوائن کرنے والے فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈبرن بھی کھلاڑیوں میں گھل مل گئے۔ وہ خصوصی مشقیں کراتے ہوئے خامیوں کی نشاندہی کرتے دکھائی دیے،وہ گیند اور فیلڈر کا فاصلہ اچانک کم یا زیادہ کرتے ہوئے کیچز کی پریکٹس  کراتے ہوئے اچھی کوشش پر داد بھی دیتے رہے، شاداب خان اور فہیم اشرف نے حیران کن کیچ تھامے، سینئر کرکٹر شعیب ملک بھی خاصے مستعد نظر آئے، گرانٹ بریڈ برن نے کپتان سرفراز احمد کو الگ وکٹ کیپنگ پریکٹس کراتے ہوئے اسٹمپنگ کے حوالے سے مشورے دیے۔

نیٹ میں پیسرز کو تیز اور باؤنسی گیندیں کرنے کا ٹاسک دیا گیا جس پر بیٹسمینوں فخرزمان،امام الحق، بابر اعظم اور شعیب ملک نے اسٹروکس کھیلنے کی مشق جاری رکھی،فہیم اشرف اور شاداب خان بھی اچھی بیٹنگ فارم میں نظر آئے،گرانٹ فلاور نے ٹاپ آرڈر کو پاور ہٹنگ کی پریکٹس کرائی۔

اظہر محمود نے بولرز کو نوبال کے حوالے سے محتاط رہنے کیلیے مشورے دیے، جنید خان کے پاؤں ایک سے زیادہ بار کریز سے باہر نکلے تو بولنگ کوچ نے فوری طور پر اس کی نشاندہی کردی۔ دوسری جانب بھارتی ٹیم بھی دبئی پہنچ چکی ہے،ویرات کوہلی کو آرام دیے جانے کے بعد قیادت کے فرائض روہت شرما کے سپرد ہیں، ان کو مہندرا سنگھ دھونی کا ساتھ میسر ہوگا۔

سینئر بیٹسمین انگلینڈ میں آؤٹ آف فارم نظر آئے اور تنقید کی زد میں ہیں، البتہ ایشیائی وکٹوں پر وہ اہم کردارادا کرسکتے ہیں،نائب کپتان شیکھر دھون، ان فارم لوکیش راہول، خطرناک پیسر ہردیک پانڈیا اور اسپنر یوزیندرا چاہل سمیت متوازن اسکواڈ میں چند نئے چہرے بھی شامل ہیں، چند کھلاڑی براہ راست بھارت سے پہنچے، انگلینڈ میں ناکام ٹیسٹ سیریز کا حصہ بننے والے دیگر پلیئرز کو وہیں سے یواے ای آنا تھا،بھارتی ٹیم ہفتے سے ٹریننگ کا سلسلہ شروع کرے گی۔دریں اثنا پاک بھارت میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوگئے ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔