امام الحق پاکستان کے لیے اپنے جارحانہ کھیل سے دھاک بٹھانے کے خواہاں

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 14 ستمبر 2018
ایشیا کپ میں پاک بھارت مقابلہ ہمیشہ کی طرح اعصاب کی جنگ ہوگا،امام الحق۔ فوٹو : فائل

ایشیا کپ میں پاک بھارت مقابلہ ہمیشہ کی طرح اعصاب کی جنگ ہوگا،امام الحق۔ فوٹو : فائل

 لاہور: اوپنر امام الحق ایشیا کپ میں پاکستان کے لیے جارحانہ کھیل سے حریفوں پر دھاک بٹھانے کے خواہاں ہیں۔

دبئی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اوپنر امام الحق نے کہا کہ صرف نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کو تحفہ دینے کی بات نہیں،ہم پوری قوم کیلیے ایشیا کپ جیتنا چاہتے ہیں، پاکستانی کرکٹ سے بڑا لگاؤ رکھتے ہیں، قومی ٹیم کی ہر کامیابی عوام کو خوشیاں دیتی ہے،کوشش کریں گے کہ ایشیائی ایونٹ میں بھی توقعات پر پورا اتریں۔

امام الحق نے کہا کہ گرین شرٹس نے ایونٹ کی اچھی تیاری کی ہے،فوجی ٹریننگ کے بعد ہم لاہور کی سخت گرمی میں بھی فٹنس اور مہارت بہتر بنانے کیلیے کوشاں رہے۔ اوپنر نے کہا کہ  پاک بھارت میچ میں دونوں ٹیموں کے اعصاب کا امتحان ہوتا لیکن میرے لیے ہر مقابلہ اہمیت کا حامل ہے،ہانگ کانگ سے  پہلے میچ کو بھی سنجیدگی سے لے رہا ہوں، فی الحال اسی پر توجہ مرکوز ہے۔

اوپنر نے کہا کہ ویرات کوہلی کے نہ ہونے سے فرق تو پڑے گا لیکن ان کی غیرموجودگی میں بھی بھارتی بیٹنگ لائن خاصی مضبوط ہے،اگرچہ پاکستان ٹیم کئی برس سے یواے ای میں کھیل رہی ہے لیکن بھارت کیلیے بھی پچز اور کنڈیشنز نئی نہیں ہیں، انھوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے ہی گرین شرٹس کو جارحانہ کرکٹ کا سبق پڑھایا گیا ہے، ہم اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے مثبت کرکٹ کھیل کر کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

امام الحق نے کہا کہ میں نفسیاتی برتری جیسی باتوں پر یقین نہیں رکھتا،پاک بھارت مقابلہ ہوتو ماضی کی ہار جیت سے قطع نظر اعصاب کی جنگ ہوتی ہے، میچ کے دن بہتر کھیل پیش کرنے والی ٹیم ہی کامیاب ہوگی۔انھوں نے کہا کہ ہانگ کانگ اور افغانستان کی ٹیموںمیں بھی کئی باصلاحیت نوجوان کرکٹرز شامل اور وہ کسی بڑی ٹیم کو اپ سیٹ کرسکتی ہیں۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔