جادو کا چراغ نہیں کہ ڈرون حملے فوری ختم ہوجائیں،مشاہداللہ

مانیٹرنگ ڈیسک  جمعـء 31 مئ 2013
فوری ڈرون گرانے کافیصلہ نہیں کرسکتے،مہرین راجا کاکل تک میں اظہار خیال فوٹو : فائل

فوری ڈرون گرانے کافیصلہ نہیں کرسکتے،مہرین راجا کاکل تک میں اظہار خیال فوٹو : فائل

لاہور: ن لیگ کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ ہم ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہیں، یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے، ڈرون حملوں کی دوائی آسانی سے نہیں بنے گی۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’کل تک‘ میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ ن لیگ کی حکومت ابھی بنی تو نہیں لیکن ہم پارلیمنٹ کی منظورکردہ پہلی 2قراردادوں پرقائم ہیں۔ ڈرون حملے نہیں ہونے چاہئیں لیکن کوئی جادو کا چراغ نہیں ہے کہ جس سے یہ فوری ختم ہوجائیں گے۔ قائم علی شاہ ٹھنڈے اور تجربہ کار سیاستدان ہیں، اگر پچھلی دفعہ کوئی کمی رہ گئی ہے توامید ہے کہ اس بار وہ بھی نہیں رہے گی۔ اب ہماری دعا ہے کہ وہ لااینڈ آرڈر کی صورتحال بہتربنائیں گے۔ پیپلزپارٹی کی رہنما مہرین انورراجا نے کہا کہ الیکشن پربہت سے تحفظات کے باوجود پہلی مرتبہ ملک میں جمہوری طریقے سے حکومت بدل رہی ہے۔ قائم علی شاہ نے بہترخدمات دی ہیں تو پھر ہی سندھ کے عوام نے ان کو مینڈیٹ دیا ہے۔

انھوں نے صحت ، تعلیم اور پینے کے پانی کے مسائل کے حل کے لیے بہت کام کیے ہیں۔ ڈرون حملے روکنا کوئی اتنا آسان کام نہیں ہے، ہم ایک ذمے دار ایٹمی طاقت ہیں، ہم فوری طور پر ڈرون گرانے کا فیصلہ نہیں کرسکتے۔ پیپلزپارٹی نے پانچ سال میں بہت تلخ حقائق کا سامنا کیا ہے۔ تحریک انصاف کی رہنما منزہ حسن نے کہاکہ نوازشریف کو ڈرون گرانے یا ڈرون حملے روکنے کا فیصلہ کرنا پڑے گا۔ وزارت خارجہ وفاق کے ماتحت ہوتی ہے، اگر ن لیگ ڈرون گرانے کا فیصلہ کرے تو ہم بھرپور سپورٹ کریں گے۔ اگر ڈرون حملے نہیں رکتے تو عمران خان بھی پھر سے دھرنے دیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ مسائل کا حل نہیں ہے۔ ایم کیوایم کے رہنما ریحان ہاشمی نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ قائم علی شاہ ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے اور کراچی کے عوام کی پہلے سے بہتر خدمت کریں گے، ایم کیو ایم کے کارکنوں کو گرفتار کرکے تشدد کرکے مارا جارہا ہے جس پر ہمیں بہت تشویش ہے۔اب بھی ہمارے9کارکن لاپتہ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔