قرضوں کے بوجھ سے نکلنے کے لیے خود کو بدلنا ہوگا، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 14 ستمبر 2018

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قیام پاکستان سے لے کر ہمارے حکمران طبقے نے غریب کے پیسے پر عیاشی کی لیکن اب ہمیں قرضوں کے بوجھ سے نکلنے کے لیے خود کو بدلنا ہوگا۔

اسلام آباد میں میانوالی ریل کار کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوتا رہا ہے، حکمرانوں نے صرف اپنا اور خاندان کے بارے میں سوچا، عام آدمی کے لیےسفری سہولیات کو بہتر نہیں کیا گیا، ریلوےغریبوں کی سواری ہے، ٹرین پر عام آدمی سفر کرتا ہے، انگریز جو ٹریک چھوڑ گیا، وہی پرانا سسٹم آج بھی موجود ہے،پاکستان نے 70سال میں صرف 600 کلومیٹر کا ٹریک بچھایا، کئی جگہوں پر ہم نے پٹڑیاں ختم کر دیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ساری سہولتیں امیروں کے لیے ہوتی ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا، حکومت عام آدمی کی بہتری کے لیے اقدامات کرے گی، 65 سال سے زائد کے عمر کے افراد کیلیے کرایہ آدھا کر دیا گیا ہے۔  کراچی میں ریلوے کی زمین بیچ کر قرضہ ختم کیا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل سرکاری ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں خود کو بدلنا ہے، اگر ہم نے خود کو تبدیل نہ کیا تو اللہ ہمارے حالات کو تبدیل نہیں کرے گا، قیام پاکستان سے لے کر آج تک غلامی کی سوچ سے نہیں نکل سکے، ہم نے آج تک پاکستان میں انگریزوں کے نظام کو ہی تبدیل نہیں کیا، گورے نے ہندوستان کے پیسوں سے شاہانہ طرز زندگی اپنایا تھا اور ہمارے حکمران طبقے نے بھی گوروں کی روایات کو اپناتے ہوئے غریب کے پیسے پرعیاشی کی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جس طرح حکمران طبقہ قومی دولت خرچ کررہا ہے دنیا میں کہیں اور نہیں ہوتا،  ہم نے ایسے ایسے منصوبے شروع کررکھے ہیں جن کے لئے قرضے لینے پڑے، اورنج اور میٹرو ٹرین منصوبوں پر قرضے لے کر اس پر سود بھی دے رہے ہیں، پاکستان پر 30 ہزار ارب کا قرضہ ہے اور ہم قرضوں کی مد میں  ہر روز 6 ارب روپے سود ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو کبھی اتنے چیلنجز نہیں تھے جو آج ہیں، لیکن میرا ایمان ہے کہ دنیا میں کوئی چیز ناممکن نہیں، ناممکن کو ممکن بنانے کے لیے انسان کو خود کو بدلنا پڑتا ہے، ہمیں انگریز کے دور کی سوچ کو تبدیل کرنا ہے، سیاستدانوں،عوام اور بیوروکریسی نے خود کو بدلنا ہے، ہمیں قرضوں کے بوجھ سے نکلنے کے لیے خود کو بدلنا ہوگا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سارا مسئلہ کرپشن کا ہے، اداروں میں بڑی سطح کی کرپشن ہے، پیسے چوری کرنےکے لیے ادارے تباہ کر دیےگئے، تیسری دنیا کے ممالک اس لیے غریب ہیں کیوں کہ وہاں کرپشن ہے، گورننس کی وجہ سے یہاں سرمایہ کاری نہیں آتی، اگر ہم نے گورننس اسٹرکچر ٹھیک کر لیا تو قوم بہت اوپر جائے گی۔

وزیراعظم  نے کہا کہ آپ کی کسی بھی سیاست جماعت سے وابستگی ہو مجھے کوئی لینا دینا نہیں، مجھے صرف کام سے غرض ہے، کچھ لوگ گھبرائے ہوئے ہیں، لیکن گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں آپ ایک موقع لیں میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں، ہم بیوروکریسی کو تحفظ فراہم کریں گے اور سیاسی مداخلت سے بچائیں گے، غلطیوں سے کوئی شخص پاک نہیں، مجھ  سے بھی غلطیاں ہوئیں، بیورو کریٹس سے بھی ہوسکتی ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ  بیوروکریٹ جب تک کام نہیں کریں گے ہمارا ریفارم پروگرام رہ جائے گا، جب تک سرکاری افسران پالیسی پرعملدرآمد نہیں کرائیں گے ہم کامیاب نہیں ہوسکتے۔ تھوڑا سا مشکل وقت برداشت کریں، مشکل وقت زیادہ دیر تک نہیں ہوتا، 2 سال بعد تنخواہ دار طبقے کو بڑی بڑی تنخواہیں دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔