معاشی دباؤ نے چین کو امریکا سے تجارت کے لیے مجبور کر دیا، ٹرمپ

ویب ڈیسک  جمعـء 14 ستمبر 2018
حریف ممالک نے ایکدوسرے کی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کیے جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔ فوٹو : فائل

حریف ممالک نے ایکدوسرے کی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کیے جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ معاشی دباؤ میں آکر تجارتی معاہدے کے لیے امریکا نہیں بلکہ خود چین مجبور ہوا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر امریکی جریدے وال اسٹریٹ میں چھپنے والے آرٹیکل کے مندرجات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دباؤ کے باعث چین گھٹنے ٹیکنے پر مجبور اور امریکا سے ’ ٹریڈ‘  کے لیے راضی ہوا ہے۔

امریکی صدر نے کہا ہے کہ امریکی مصنوعات اربوں ڈالر کی تجارت کررہی ہیں۔ امریکی معیشت کا سنہری دور قریب ہے جب کہ چین اپنی معاشی تاریخ کے مشکل وقت سے گزر رہا ہے اس لیے دباؤ کا سامنا چین کو تو ہو سکتا ہے لیکن امریکا کو نہیں۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کی مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے جب کہ چین کی مارکیٹ تباہ ہو رہی ہے۔ امریکا کی مضبوط معیشت کے باعث چین ٹریڈ کے لیے مجبور ہوا ہے۔ امریکا کو کسی دباؤ کا سامنا نہیں۔

واضح رہے کہ امریکی جریدے وال اسٹریٹ میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اقتصادی جنگ چھیڑنے کے دعوی دار اور چین پر سخت اقتصادی پابندیاں لگانے والے امریکی صدر معاشی دباؤ کے باعث اب خود چین سے تجارت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔