ترکی اورپاکستان کا تعلق حکومتوں تک محدود نہیں، شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک  جمعـء 14 ستمبر 2018

 اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ترکی اورپاکستان کا تعلق حکومتوں تک محدود نہیں بلکہ ترکی کے ساتھ دیرینہ، برادرانہ اورمثالی تعلقات ہیں۔

اسلام آباد میں ترک وزیر خارجہ  میولوت چاوش اولو کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کا تعلق حکومتوں تک محدود نہیں بلکہ ترکی کے ساتھ دیرینہ، برادرانہ اور مثالی تعلقات ہیں، ترکی نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، مختلف فورمز پرترکی کا ساتھ دینے پرشکریہ ادا کرتے ہیں اورترکی کے ساتھ ورکنگ گروپ کا مشترکہ اجلاس جلد بلایا جائے گا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالی ہورہی ہے، مسئلہ کشمیرپربہتر حل چاہتے ہیں اور اس متعلق اقوام متحدہ بھی بول پڑا ہے۔

دوسری جانب ترک وزیرخارجہ میولوت چاوش اولو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت کے قیام پرشاہ محمود قریشی کو مبارک باد دیتا ہوں، نئی حکومت کے قیام کے بعد پاکستان آمد باعث فخر ہے، حکومتیں آتی رہتی ہیں تاہم اصل دوستی عوام کے درمیان ہوتی ہے اوردونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی قائم و دائم رہنی چاہیے۔

ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کے مذاکرات میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار پربھی بات ہوئی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں اوردہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کیساتھ تعاون برقرار رہے گا۔

اس سے قبل ترک وزیرخارجہ وفد کے ہمراہ دفترخارجہ پہنچے جہاں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پرمذاکرات ہوئے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اورترک وزیرخارجہ کی ون آن ون ملاقات ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔